ارجنٹینا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد میزبان اور دفاعی چیمپئن نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست دے کر 2026 ویمنز ہاکی ورلڈکپ کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
ایمسٹرڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں مقررہ وقت کے اختتام پر دونوں ٹیمیں 1-1 گول سے برابر رہیں، جس کے بعد فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔ ارجنٹینا نے شوٹ آؤٹ میں 3-1 سے کامیابی حاصل کرکے عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کرلیا۔
نیدرلینڈز نے میچ میں پہلے برتری حاصل کی۔ ٹورنامنٹ کی ٹاپ اسکورر یبّی جانسن نے 30ویں منٹ میں گول کرکے میزبان ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی، تاہم ارجنٹینا نے میچ کے آخری مرحلے میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے 54ویں منٹ میں ماریا گراناٹو کے گول کی بدولت مقابلہ 1-1 سے برابر کردیا۔
مقررہ وقت تک مزید کوئی گول نہ ہونے کے باعث فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ میں ہوا، جہاں ارجنٹینا نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے 3-1 سے فتح حاصل کرلی۔
یہ ارجنٹینا کا تیسرا ویمنز ہاکی ورلڈکپ ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل ارجنٹینا نے 1974 اور 2010 میں عالمی کپ جیتا تھا۔ دوسری جانب نیدرلینڈز مسلسل چوتھا ورلڈکپ ٹائٹل جیتنے کی کوشش میں ناکام رہا۔
