دسویں “گارگار” میورل فیسٹیول کا جشن،کاتالان گاؤں میں دیواروں پر فن کا رنگ

IMG_0083

بارسلونا(دوست نیوز)گزشتہ دس برسوں میں گاؤں کی دیواروں پر 170 سے زائد میورلز بنائے گئے، جن میں سے کچھ کو وقت کے اثرات کے باعث دوبارہ پینٹ کیا گیا۔

اتوار، 4 مئی کو مغربی کاتالونیا کے گاؤں پینلس کی گلیاں ایک بار پھر ہزاروں سیاحوں سے بھر گئیں، جو گارگار فیسٹیول آف میورلز اینڈ رورل آرٹ میں زندہ فن پاروں سے لطف اندوز ہونے کے لیے آئے تھے۔

یہ فیسٹیول اپنی دسویں سالگرہ منا رہا ہے اور مغربی کاتالونیا کے ثقافتی کیلنڈر میں ایک نمایاں مقام رکھتا ہے۔

“فیسٹیول نے ہمارے گاؤں کو نئی زندگی دی ہے اور اسے پہچان دی ہے۔ اگر آج پینلس نقشے پر ہے تو یہ اسٹریٹ آرٹ کی بدولت ہے،” گاؤں کے میئر الوی برگوس نے میڈیا سے گفتگو میں کہا۔

گزشتہ دس برسوں میں 170 سے زائد دیواریں فن پاروں سے سجی ہیں، جن میں سے کچھ کو موسم کی شدت کے باعث دوبارہ پینٹ کیا گیا ہے۔

 برگوس نے کہا فیسٹیول کے آغاز کے ایک عشرے بعد بھی تخلیقی صلاحیتیں اور میورل آرٹ پینلس کی گلیوں کو نکھار رہی ہیں۔ “ہماری کارکردگی بہت مثبت رہی ہے۔ ہم نے مل کر ایک ثقافتی اور سیاحتی منصوبہ تیار کیا ہے، جس پر ہمیں فخر ہے،”

میئر کا کہنا ہے کہ فیسٹیول کا مستقبل تابناک ہے۔ “ہم اس فن کی آماجگاہ بننے اور اسے اپنی پہچان بنانے کے لیے پرعزم ہیں،

فیسٹیول میں حصہ لینے والے فنکاروں میں ایک نام استیتخو جولیان کا ہے، جو پانگو آئی کو گروپ سے تعلق رکھتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ “عوام اب میورل آرٹ میں زیادہ دلچسپی لے رہی ہے۔”

“یہ بہت زیادہ سیاحت کو جنم دیتا ہے، اور لوگ آپ سے آپ کے کام کے بارے میں پوچھتے ہیں تاکہ وہ اسے سمجھ سکیں،” انہوں نے بتایا۔ یہ ان کا فیسٹیول میں دوسرا تجربہ ہے، اور وہ اپنے ساتھی ایوان ایگیا کے ساتھ شریک ہو رہی ہیں۔ “یہ ہمارے لیے ایک پلیٹ فارم ہے جہاں ہم اپنے فن کا مظاہرہ کر سکتے ہیں،” 

بارسلونا سے تعلق رکھنے والے فنکار ایسلیسر بھی اس بار اکیلے شریک ہیں، حالانکہ انہوں نے فیسٹیول کے دوسرے اور تیسرے ایڈیشن میں دیگر فنکاروں کے ساتھ مل کر میورلز بنائے تھے۔ اس بار وہ دیوی آرٹیمیس کی ایک بڑی دیواری تصویر پر کام کر رہے ہیں۔

ایک اور فنکارہ، لوئیسا ایسترادا، پہلی بار فیسٹیول میں حصہ لے رہی ہیں۔ یہ میکسیکو سے تعلق رکھنے والی اور اب تارریگا میں مقیم فنکارہ، دیسی پرندوں پر مبنی ایک تصویر بنا رہی ہیں، جس میں فیسٹیول کے علامتی پرندے “گانگا” کو بھی دکھایا جا رہا ہے۔

فطرت اور دیہی مناظر ان کے لیے بنیادی تحریک کا باعث ہیں، اور دیہی ماحول میں رہنے سے ان کے فن میں وسعت آئی ہے۔انہوں نے کہا “یہاں آکر میں نے وہ کام شروع کیے ہیں جو میں میکسیکو میں کبھی نہ کرتی،” 

 میئر برگوس نے وضاحت کی کہ اس سال، گاؤں میں میورلز کی تعداد 170 تک پہنچ جائے گی، حالانکہ کچھ دیواریں دوبارہ پینٹ کی گئی ہیں۔ “فنکار جانتے ہیں کہ وہ عارضی فن تخلیق کر رہے ہیں، اور موسم کی شدت سے ان کے فن پارے متاثر ہوتے ہیں۔ اس لیے ہم انہیں دعوت دیتے ہیں کہ وہ یا تو اپنی تصویر کو بحال کریں یا نئی تخلیق کریں،”

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے