صبا فیصل کو والدہ نے شادی سے پہلے کونسا اہم مشورہ دیا؟
پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا فیصل نے شادی سے پہلے والدہ سے ملنے والا ایک مشورہ بتا دیا۔
صبا فیصل نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہیں یہ بتاتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے کہ کسی طرح ان کے زمانے میں لڑکیوں کی شادیوں سے پہلے مائیں اپنی بیٹیوں کو شادی شدہ زندگی کو خوشگوار اور آسان بنانے کے لیے کچھ اہم نصیحتیں کیا کرتی تھیں۔
اُنہوں نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ’کچھ باتیں اور کچھ روایتیں ہر دور میں ہماری مشرق کی روایات کی ترجمان ہوتی ہیں‘۔
اداکارہ نے اپنی اس ویڈیو میں مداحوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آج پھر میں آپ لوگوں کے ساتھ اپنی والدہ کی ایک بات شیئر کروں گی۔
اُنہوں نے بتایا کہ میری اور میری چھوٹی بہن فرح جو مجھ سے دو سال چھوٹی تھی لیکن ہم دونوں کی شادی ایک ہی دن ہوئی تھی تو میری ماں نے ہم دونوں کو ایک دن پہلے بٹھا کر ایک نصیحت کی۔
صبا فیصل نے کہا کہ شاید یہ رواج ہو لیکن پہلے وقتوں میں مائیں اپنی بیٹیوں کو بہت سمجھایا کرتی تھیں تو میری امی نے ہم دونوں بہنوں سے کہا کہ ہمیشہ اپنے شوہر سے ایک قدم پیچھے اور ایک قدم نیچے رہنا تاکہ جب بھی سر اُٹھا کر دیکھو تو تمہیں آسرے کے لیے اپنے شوہر کا چہرہ نظر آئے نا کہ کھلا آسمان۔
اُنہوں نے کہا کہ ہماری ماں کی یہ بات بہت گہری تھی اور ہم بہنوں نے ماشااللّٰہ اس بات پر عمل بھی کیا تو میں تھوڑے پرانے خیالات کی مالک ہوں اور شوہروں کو بہت اہمیت دیتی ہوں لیکن صرف ان شوہروں کو جو بدلے میں اپنی بیوی کو عزت اور محبت دیتے ہیں۔