سلمان خان کی کینسر کو شکست دینے والے کمسن بچے سے ملاقات
بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کو محبت سے بھائی جان کہہ کر بلائے جانے کی وجہ یہ ہے کہ وہ فلاحی اور انسانی ہمدردی سے متعلق سرگرمیوں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں، انکی یہ فیاضی اپنے ساتھی سلیبریٹیز کے لیے بھی ہے۔
حال ہی میں سلمان خان نے کینسر کو شکست دینے والے ایک بہادر بچے جگن بیر سے ملاقات کی جس نے صرف چار برس کی عمر میں 2018 میں کیمو تھراپی کے 9 سیشن میں کینسر کے موذی مرض کو شکست دی، اب اس بچے کی عمر نو برس ہے۔
واضح رہے کہ سلمان خان کی اس بچے سے پہلی ملاقات 2018 میں ممبئی کے ٹاٹا میموریل سینٹر میں ہوئی جہاں اسکی ٹیومر کے علاج کیلئے کیموتھراپی کی جارہی تھی اور علاج کے ضمنی اثرات کی وجہ سے اسکی بینائی ضائع ہوگئی تھی۔
اس مشکل صورتحال میں سلمان خان نے بچے سے ملے جس نے انکا چہرہ اور بریسلیٹ چھو کر انکی موجودگی محسوس کی۔ اس طرح انہوں نے بچے پر ایک خوشگوار اور حوصلہ افزا تاثر چھوڑا تھا۔
اس دوران سلمان نے بچے کی حوصلہ افزائی کے لیے وعدہ کیا تھا کہ وہ اسکے علاج کے بعد دوبارہ ملیں گے۔ گزشتہ برس جگن بیر کے کینسر کا کامیاب علاج مکمل ہوا اور دسمبر 2023 میں سلمان نے بچے سے اپنی باندرہ میں واقع رہائش گاہ پر ملاقات کرکے اپنے وعدے کی تکمیل کی۔
جگن بیر کی والدہ سکھبیر کور نے اس حوالے سے بتایا کہ انکے بیٹے کو تین برس کی عمر میں برین ٹیومر ہوا اور وہ اپنی بینائی کھو بیٹھا۔ ڈاکٹروں نے اسے ممبئی یا دہلی لیجانے کو کہا۔ جس کے بعد ہم اسے ممبئی لے گئے۔
کمسن جگن بیر یہ سمجھا کہ وہ سلمان خان سے ملنے ممبئی جا رہا ہے۔ اسکی والدہ نے بچے کا یہ جوش و جذبہ دیکھا تو انہوں نے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کی جو کسی طرح سلمان خان تک پہنچ گئی اور وہ بچے سے ملنے اسپتال چلے آئے، جس پر بچہ بہت خوش ہوا۔
سکھبیر کور کے مطابق اب انکا بچہ بالکل تندرست ہے اور اسکی بینائی 99 فیصد واپس آگئی ہے اور وہ اسکول بھی جارہا ہے۔