میڈرڈ: اسپین میں 2026 کا موسمِ گرما ریکارڈ کے مطابق گزشتہ ڈیڑھ صدی سے زائد عرصے کا گرم ترین موسم قرار دیا گیا ہے۔ ریاستی محکمہ موسمیات AEMET کے مطابق گرمی کا سلسلہ معمول کے تین ماہ کے بجائے تقریباً چار ماہ تک جاری رہا اور مئی کے وسط سے ستمبر تک شدید درجہ حرارت برقرار رہا۔
AEMET کے ترجمان روبین دیل کامپو نے بتایا کہ جزیرہ نما اسپین میں موسمِ گرما کے دوران اوسط درجہ حرارت 24.5 ڈگری سینٹی گریڈ رہا، جو 1991 سے 2020 کے اوسط سے 2.4 ڈگری زیادہ ہے۔ یہ 2025 کے سابقہ ریکارڈ سے بھی 0.3 ڈگری زیادہ ہے۔
ماہرین کے مطابق 1869 تک کے دستیاب موسمی ریکارڈ کا جائزہ لینے سے معلوم ہوتا ہے کہ گزشتہ 157 برسوں میں 2026 جیسا گرم موسمِ گرما پہلے نہیں آیا۔ یورپ کے کئی دیگر ممالک، جن میں فرانس، برطانیہ، جرمنی، نیدرلینڈز، بیلجیم اور چیک ریپبلک شامل ہیں، نے بھی ریکارڈ گرم موسم کا سامنا کیا۔
اسپین میں جون، جولائی اور اگست کے دوران مجموعی طور پر 61 دن ہیٹ ویو ریکارڈ کی گئی، یعنی تقریباً ہر تین میں سے دو دن۔ یہ 2022 کے سابقہ ریکارڈ 41 دن سے کہیں زیادہ ہے۔ اس دوران چار بڑی ہیٹ ویوز آئیں، جن میں جولائی اور اگست کے دوران دو طویل سلسلے بالترتیب 23 اور 24 دن تک جاری رہے۔
ستمبر میں بھی شدید گرمی نے پیچھا نہیں چھوڑا۔ 2 سے 7 ستمبر تک ایک غیر معمولی ہیٹ ویو ریکارڈ ہوئی اور 4 ستمبر کو ہُوئیلوا کے ایل گرانادو میں درجہ حرارت 45.7 ڈگری تک پہنچ گیا، جو 2026 میں اسپین کا سب سے زیادہ درجہ حرارت اور ستمبر میں ملک کا ریکارڈ بلند ترین درجہ حرارت ہے۔
بارش کے اعتبار سے بھی موسمِ گرما غیر معمولی طور پر خشک رہا۔ اوسط بارش صرف 39.6 لیٹر فی مربع میٹر رہی، جو معمول سے 56 فیصد کم ہے۔ 1994 اور 2016 کے بعد یہ اسپین کا تیسرا خشک ترین موسمِ گرما رہا۔
AEMET کے مطابق اکتوبر سے دسمبر تک اسپین کے بیشتر علاقوں میں معمول سے زیادہ گرم موسم ہونے کا 70 فیصد امکان ہے، جبکہ شمال، وسطی اور مغربی علاقوں کے کئی حصوں میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
