بارسلونا (اسپین)/ کاتالونیا میں گزشتہ کئی گھنٹوں سے جاری شدید اور موسلادھار بارشوں کے باعث دریاؤں اور ندی نالوں میں پانی کی سطح تیزی سے بلند ہونے لگی ہے، جبکہ دریائے بیسوس کے اطراف سیلاب کا فوری خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ کاتالونیا کی آبی ایجنسی (ACA) نے دریائے بیسوس میں پانی کے خطرناک حد تک بڑھنے کے بعد ہائیڈرولوجیکل خطرے کا انتباہ جاری کردیا ہے۔
آبی ایجنسی کے مطابق رات 3 بجے سانتا کولوما دے گرامانیت کے مقام پر دریائے بیسوس میں پانی کا بہاؤ 520 مکعب میٹر فی سیکنڈ تک پہنچ گیا، جو خطرے کی مقررہ حد سے تجاوز کرچکا ہے۔ صورتحال کے پیش نظر شہری تحفظ کے حکام نے دریائے بیسوس کے آخری حصے میں واقع پارک فلوویال دے بیسوس کے تمام داخلی راستے بند کردیئے ہیں تاکہ شہریوں کو ممکنہ سیلاب سے محفوظ رکھا جاسکے۔
دریائے بیسوس کی معاون ندی ریوپول میں بھی پانی کی سطح میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ مونتکادا ای ریکساچ کے مقام پر ریوپول میں پانی کا بہاؤ 129 مکعب میٹر فی سیکنڈ ریکارڈ کیا گیا، جو الرٹ کی حد سے تجاوز کرگیا ہے۔
بارشوں کے باعث بارسلونا کے جنوب میں واقع رئیرا دے روبی میں بھی پانی کا بہاؤ چند گھنٹوں کے دوران غیر معمولی طور پر بڑھ گیا۔ ایل پاپیول کے مقام پر رات 3 بجے کے بعد پانی کا بہاؤ 168 مکعب میٹر فی سیکنڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ رات 9 بجے یہ صرف 2.9 مکعب میٹر فی سیکنڈ تھا۔
دریائے لوبریگات میں بھی پانی کا بہاؤ تیزی سے بڑھا۔ سانت خوان دِیسپی کے مقام پر رات تقریباً 1:30 بجے بہاؤ 156 مکعب میٹر فی سیکنڈ ریکارڈ ہوا، جبکہ رات 8:15 بجے یہ صرف 31.3 مکعب میٹر فی سیکنڈ تھا۔
بارسلونا فائر بریگیڈ کے مطابق رات 8 بجے سے صبح 1 بجے تک شدید بارش سے متعلق مختلف واقعات پر 433 امدادی کارروائیوں کے لیے اطلاعات موصول ہوئیں۔
