اسپین کے شہر بلباؤ میں بریسٹ کینسر کے خلاف منعقدہ سالانہ یکجہتی مارچ میں تقریباً 10 ہزار افراد نے شرکت کی، جبکہ اس مہم کے ذریعے 60 ہزار 685 یورو کی رقم جمع کی گئی۔ یہ رقم بریسٹ کینسر کے حوالے سے تحقیق اور بیماری کے علاج میں پیش رفت کے لیے استعمال کی جائے گی۔
یہ فلاحی مارچ بزمِ کینسر اور گائناکولوجیکل ایسوسی ایشن آف بسکایا (Acambi) اور جمنازیم اُرتزی کے تعاون سے منعقد کیا گیا۔ مارچ کا آغاز اتوار کی صبح 11 بجے بلباؤ کے معروف گوگن ہائم میوزیم کے باہر سے ہوا۔ شرکاء نے تقریباً پانچ کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا، جبکہ شرکاء کو دوڑنے کے بجائے پیدل مارچ میں شامل ہونے کی بھی اجازت تھی۔
مارچ مکمل ہونے کے بعد شرکاء دوبارہ گوگن ہائم میوزیم کے مقام پر پہنچے، جہاں زومبا اور جدید رقص کی خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ منتظمین کے مطابق اس موقع نے صحت، آگاہی اور یکجہتی کو ایک ساتھ اجاگر کیا۔ تقریب میں شرکت کے لیے جاری کیے گئے تمام 10 ہزار رجسٹریشن نمبرز مکمل طور پر فروخت ہوگئے۔
اس سال کی مہم کا مرکزی نعرہ ’’Ikerketa Investigación‘‘ یعنی ’’تحقیق‘‘ تھا، جس کے ذریعے بریسٹ کینسر کی روک تھام، بروقت تشخیص اور بالخصوص زیادہ مؤثر اور مریض کی ضرورت کے مطابق علاج کی تیاری میں تحقیق کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔
Acambi نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بریسٹ کینسر صرف خواتین تک محدود نہیں بلکہ مرد بھی اس بیماری سے متاثر ہوسکتے ہیں۔ تنظیم کے مطابق بیماری کے خلاف اہم پیش رفت کے باوجود مزید تحقیق اور نئے علاج کی ضرورت برقرار ہے۔
جمع ہونے والی رقم ایک تحقیقی منصوبے کے لیے مختص کی جائے گی، جس کی قیادت ڈاکٹر ماریا دل مار ویوانکو CIC bioGUNE میں کر رہی ہیں۔ تحقیق میں ٹیومر کی مختلف خصوصیات، کینسر کے اسٹیم سیلز، علاج کے خلاف مزاحمت اور بیماری کے دوبارہ ظاہر ہونے کے عوامل کا مطالعہ کیا جا رہا ہے۔ Acambi اب تک اس تحقیق کے لیے مجموعی طور پر 591 ہزار یورو سے زائد رقم جمع کرچکی ہے۔
