“بارسلونا کے مؤقف کو کوئی دھمکی نہیں بدل سکتی”کولبونی

بارسلونا کے میئر جاؤئیمے کولبونی نے کہا ہے کہ اقتصادی ترقی اور انسانی حقوق کے دفاع کو ایک ساتھ لے کر چلنا ممکن ہے۔ یہ بیان اسپین اور اسرائیل کے درمیان جاری سفارتی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے۔
کولبونی نے پیر 15 ستمبر کو یورپا پریس کی جانب سے منعقدہ کانفرنس “کاتالونیا مستقبل کی جانب” کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا:“کھلی اور مسابقتی معیشت رکھنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق کا دفاع اور نسل کشی کی مذمت کرنا بالکل قابلِ عمل ہے۔”
یہ ردعمل اس وقت سامنے آیا جب اسرائیل کی وزارتِ مواصلات نے اعلان کیا کہ وہ بارسلونا میں ہونے والے موبائل ورلڈ کانگریس 2026 کا بائیکاٹ کرے گا۔ اسرائیل نے یہ فیصلہ اسپین کے وزیرِاعظم پیڈرو سانچیز کے ان بیانات کے بعد کیا جنہیں وہ “غزہ میں نسل کشی سے متعلق جھوٹے الزامات” اور “حماس کی مسلسل حمایت” قرار دیتا ہے۔