40 سے 60 سال کی خواتین میں وٹامن سپلیمنٹس کا رجحان، ہربل اسٹورز کا کاروبار عروج پر
قدرتی صحت کے شعبے میں 2,200 سے زائد دکانیں، سالانہ کاروبار 550 ملین یورو تک پہنچ گیا
میڈرڈ (15 ستمبر 2025) اسپین میں ہربل اسٹورز اور ڈائیٹ شاپس کا کاروبار تیزی سے ترقی کر رہا ہے۔ گزشتہ برس اس شعبے کی مجموعی آمدنی 550 ملین یورو رہی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 2 فیصد زیادہ ہے۔ ان دکانوں میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی اشیا میں غذائی سپلیمنٹس (39%)، ڈائیٹ فوڈز (29%)، کم کیلوریز والی ڈائیٹ مصنوعات (15%)، جڑی بوٹیاں (8%) اور قدرتی کاسمیٹکس (7%) شامل ہیں۔

ماہرین کے مطابق، اس رجحان کے پیچھے زیادہ تر خواتین ہیں۔ جنریشن ایکس (45 سے 60 سال) کی خواتین، جو پری مینوپاز یا مینوپاز کے مرحلے میں ہیں، ذہنی دباؤ، نیند کی کمی اور ہڈیوں کی کمزوری جیسی علامات کے لیے ہربل سپلیمنٹس خرید رہی ہیں، جن میں اشواگندھا اور میریئن کولیجن سرِ فہرست ہیں۔ دوسری طرف، ملینیلز اور جنریشن زی (13 سے 44 سال) کی خواتین زیادہ تر قدرتی اور کیمیکل فری کاسمیٹکس کو ترجیح دے رہی ہیں۔
ایک صارفہ، 50 سالہ میریم ایس، نے بتایا کہ وہ ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے کولیجن سپلیمنٹ استعمال کرتی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر نے انہیں اس کی اجازت دی، اگرچہ کچھ ماہرین سپلیمنٹس کو غیر مؤثر بھی قرار دیتے ہیں۔
اس بڑھتی طلب کا فائدہ قدیم اور معروف برانڈز کو بھی ہوا ہے۔ ہربلاریو ناوارو، جس کی بنیاد 1771 میں رکھی گئی تھی، اب پورے اسپین میں 70 سے زائد دکانوں کے ساتھ موجود ہے۔ کمپنی نے 2024 میں 50 ملین یورو کی آمدنی حاصل کی، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 19 فیصد زیادہ ہے۔ ہدف ہے کہ 2027 تک دکانوں کی تعداد 100 تک پہنچا دی جائے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ان کی کامیابی کی وجہ محض مصنوعات کی فروخت نہیں بلکہ پیشہ ورانہ رہنمائی بھی ہے۔ دکانوں میں بایولوجسٹ، فارماسسٹ اور نیوٹریشنسٹ موجود ہوتے ہیں جو گاہکوں کو مشورے دیتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ قدرتی خوراک، سپورٹس نیوٹریشن اور آرگینک کاسمیٹکس کی مانگ میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، اور یہی عوامل اس صنعت کو مستقبل میں بھی ترقی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔