اسپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ اسپین جیسے ملک کے لیے ایک ہی سال میں تیز رفتار ٹرینوں کے دو بڑے حادثات پیش آنا ناقابلِ قبول ہے۔ انہوں نے ٹولیڈو کے علاقے اُردا میں پیش آنے والے ریلوے حادثے کے بعد 29 سے 31 اکتوبر تک تین روزہ قومی سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس حادثے میں اب تک 68 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔
پیدرو سانچیز بدھ کے روز جائے حادثہ پر قائم ہنگامی کمانڈ سینٹر پہنچے، جہاں ان کے ہمراہ کاستیلا لا مانچا کے صدر ایمیلیانو گارسیا پیج اور وزیر داخلہ فرناندو گراندے مارلاسکا بھی موجود تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔ اگر کسی قسم کی غفلت سامنے آئی یا ریلوے کے حفاظتی نظام میں خامیاں ثابت ہوئیں تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
سانچیز کے مطابق اُردا اور اس سے قبل قرطبہ کے علاقے اداموز میں پیش آنے والے حادثات کی وجوہات ایک دوسرے سے مختلف ہیں۔ تاہم، انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ واقعات کے بعد تیز رفتار ریلوے نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنا اور مسافروں کی حفاظت مزید یقینی بنانا ضروری ہے۔
یاد رہے کہ اُردا کے حادثے سے تقریباً نو ماہ قبل اداموز میں ایک اور سنگین ریلوے حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 46 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ تازہ حادثے میں ہلاکتوں کی تعداد 68 تک پہنچنے کے بعد دونوں واقعات نے ملک میں ریلوے کی حفاظت کے حوالے سے تشویش بڑھا دی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کی حفاظت کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گی۔ قومی سوگ کے دوران 29 نومبر کو ہونے والے انتخابات کی انتخابی مہم بھی معطل رہے گی۔
دوسری جانب کاتالونیا کے صدر سلوادور اییا نے بھی 29، 30 اور 31 اکتوبر کو تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ اس دوران سرکاری تقریبات معطل اور حکومتی عہدیداروں کی عوامی سرگرمیاں محدود رہیں گی۔ متاثرین کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے بدھ کی رات آٹھ بجے بارسلونا کے پلاسا سانت خاؤمے میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی جائے گی۔
