اسپین کی قومی پولیس نے مراکش سے اسپین چرس اسمگل کرنے والے بڑے نیٹ ورکس میں سے ایک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 86 افراد کو اسپین میں گرفتار کر لیا، جبکہ نیٹ ورک کے مبینہ سرغنہ کو مراکش کے شہر طنجة (Tánger) سے حراست میں لے لیا گیا۔ اس طرح مجموعی طور پر گرفتار افراد کی تعداد 87 ہو گئی ہے۔
ہسپانوی خبر رساں ادارے ای ایف ای (EFE) کے مطابق، یہ آپریشن 2025 کے آغاز میں شروع کیا گیا تھا، جس کا آخری مرحلہ سات ہسپانوی صوبوں میں مکمل ہوا۔ کارروائی کے دوران 10.8 ٹن چرس، 21.8 کلوگرام چرس نما بھنگ (ماریجوانا)، دو لمبے ہتھیار، چار دیگر ممنوعہ ہتھیار، 25 گاڑیاں، 15 قیمتی گھڑیاں اور تقریباً 4 لاکھ 66 ہزار یورو نقد رقم ضبط کی گئی۔
پولیس نے منشیات ذخیرہ کرنے کے سات ٹھکانوں کو بھی ختم کیا اور مختلف مقامات پر 33 تلاشی کارروائیاں کیں۔
اسپین میں گرفتار ہونے والے افراد میں سے 65 میڈرڈ، 10 گوآدالاخارا، پانچ ویلنسیا، تین ملاگا اور ایک ایک برگوس، المیریا اور گیرونا سے گرفتار کیا گیا۔ عدالت کے حکم پر 18 ملزمان کو جیل بھیج دیا گیا ہے۔
نیٹ ورک کا مبینہ سرغنہ گزشتہ مارچ میں میڈرڈ کے ایک پوش رہائشی علاقے سے فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے اسے 8 اکتوبر کو طنجة سے گرفتار کیا۔ وہ مراکش کی جیل میں ہے اور اسے اسپین کے حوالے کرنے کی قانونی کارروائی جاری ہے۔
تحقیقات کے مطابق، یہ نیٹ ورک ہر ماہ ہزاروں کلوگرام منشیات مراکش سے اسپین پہنچاتا تھا، جہاں سے اسے اسپین اور دیگر یورپی ممالک میں تقسیم کیا جاتا تھا۔ منشیات سمندری راستوں سے اسپین پہنچائی جاتی اور بعد ازاں میڈرڈ منتقل کرکے مختلف رہائشی عمارتوں اور کرائے کے مکانات میں ذخیرہ کی جاتی تھی۔
پولیس کے مطابق، ملزمان خفیہ پیغام رسانی کے پلیٹ فارمز کے ذریعے اسمگلنگ کا انتظام کرتے اور منشیات سے حاصل ہونے والی آمدنی کو جعلی قرضوں، فرضی تنخواہوں، جعلی بلوں اور لگژری گاڑیوں و جائیدادوں کی خریدوفروخت کے ذریعے سفید کرتے تھے۔
حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات ابھی جاری ہیں اور مزید گرفتاریاں اور منشیات کی برآمدگی متوقع ہے۔
