وزیرِاعظم پیدرو سانچیز آئندہ ہفتے نیویارک جائیں گے،سربراہی اجلاس سمیت کیا مصروفیات ہونگی؟

میڈرڈ(دوست نیوز)وزیرِاعظم پیدرو سانچیز آئندہ ہفتے نیویارک جائیں گے جہاں اقوامِ متحدہ کی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں غزہ کی جنگ اور یوکرین تنازع سمیت اہم عالمی امور پر بات ہوگی۔ توقع ہے کہ فرانس، بیلجیم اور مالٹا سمیت کئی ممالک فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کریں گے۔
سانچیز جنرل اسمبلی سے خطاب نہیں کریں گے بلکہ اسپین کی نمائندگی کرتے ہوئے شاہ فلیپ ششم بدھ کے روز تقریر کریں گے۔ یہ فیصلہ اقوامِ متحدہ کے قیام کے 80 ویں اور اسپین کی رکنیت کے 70 ویں سال کی مناسبت سے کیا گیا ہے تاکہ اسپین کے اعلیٰ سطحی عزم کو ظاہر کیا جا سکے۔
وزیرِاعظم کی نیویارک میں مصروفیات کے دوران پیر کو کولمبیا یونیورسٹی میں لیکچر اور طلبہ سے سوال و جواب کا سیشن شامل ہے۔ اس موقع پر وہ اپنی عالمی نقطہ نظر اور مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی حمایت پر روشنی ڈالیں گے۔
ہسپانوی حکومت نے اس پیش رفت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ زیادہ ممالک کا فلسطین کو تسلیم کرنا عالمی برادری کے اس مسئلے پر سنجیدہ عزم کو ظاہر کرتا ہے۔