بادالونا میں جنسی استحصال اور انسانی اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائی

بادالونا (دوست نیوز)۔ قومی پولیس نے بادالونا گواردیااربن پولیس کے تعاون سے 16 ستمبر کو شہر میں واقع ایک دو منزلہ کوٹھے پر کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر لیا، جہاں 18 خواتین کا استحصال کیا جا رہا تھا۔
گرفتار ملزمان پر انسانوں کی اسمگلنگ برائے جنسی استحصال، ناجائز اسلحہ رکھنے، مجرمانہ تنظیم سے تعلق رکھنے، جنسی زیادتی اور عوامی صحت کے خلاف جرائم کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
کارروائی کے دوران پولیس نے 42 ہزار یورو سے زائد نقد رقم، منشیات، ایک کلہاڑی، دو بیس بال کے ڈنڈے اور متعدد الیکٹرانک آلات برآمد کیے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف زیادہ سے زیادہ تعاون کے ساتھ سخت کارروائی جاری رہے گی، کیونکہ ایسے افراد کی ہمارے شہر میں کوئی جگہ نہیں۔