سویڈن ورک ویزا: اہلیت، درخواست کا عمل و دیگر اہم تفصلات

(25 ستمبر 2025): سویڈن دنیا بھر کے ہنرمند افراد کیلیے ایک پُرکشش ملک ہے جو مستحکم روزگار، بہتر تنخواہیں اور اچھا معیار زندگی پیش کرتا ہے۔
اس تحریر میں سویڈن ورک ویزا کی اہم تفصیلات بتائی جا رہی ہیں جس میں اہلیت کے تقاضے، درخواست دینے کا عمل، ویزا کی اقسام، دستاویزات اور درخواست کے مراحل شامل ہے۔
اگست 2025 میں سویڈن کی حکومت نے صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، مینوفیکچرنگ اور تحقیق جیسے شعبوں میں لیبر کی کمی کو پورا کرنے کیلیے ورک ویزا کے ضوابط کو بہتر کیا۔
سویڈن ورک ویزا کیا ہے؟
سویڈن ورک ویزا دراصل کام کیلیے رہائش کی اجازت دیتا ہے جس کیلیے غیر یورپی یونین یا ای ای اے شہری ہونا ضروری ہے۔ یہ مخصوص روزگار اور رہائش کے تقاضوں کو پورا کرنے کے بعد مستقل رہائش کا ذریعہ بھی بن سکتا ہے۔
ویزا کی اقسام
سویڈن مختلف اقسام کے ورک ویزا پیش کرتا ہے جو روزگار کی نوعیت اور مدت پر منحصر ہیں:
جنرل ورک پرمٹ: یہ سویڈش آجر سے تصدیق شدہ ملازمت کی پیشکش رکھنے والے افراد کیلیے ہے جو سویڈش لیبر معیارات، تنخواہ اور انشورنس کے ضوابط کی تعمیل کرتا ہو۔
ای یو بلیو کارڈ: یہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور پیشہ ور افراد کیلیے جو جدید ڈگریاں اور مسابقتی تنخواہیں رکھتے ہوں۔
انٹرا کارپوریٹ ٹرانسفر پرمٹ: یہ کثیر القومی کمپنیوں کے ملازمین کیلیے ہے جو غیر ملکی دفتر سے سویڈش برانچ میں منتقل ہوتے ہیں۔
سیزنل ورک پرمٹ: یہ سیاحت، زراعت اور ہاسپیٹیلٹی جیسے شعبوں میں عارضی روزگار کیلیے ہے۔
ریسرچر اینڈ اسپیشلسٹ پرمٹس: یہ سائنسدانوں، اساتذہ یا خصوصی مہارت رکھنے والے پیشہ ور افراد کیلیے ہے۔
اہلیت
سویڈن ورک ویزا کیلیے درخواست دینے والوں کو اہلیت کے تقاضوں کو پورا کرنا ضروری ہے:
- سب سے پہلے ان کے پاس سویڈش آجر سے ایک درست ملازمت کی پیشکش ہونی چاہیے جس میں ملازمت کا عنوان، ذمہ داریاں، تنخواہ اور معاہدے کی مدت واضح ہو۔
- اس میں تنخواہ سویڈن کے قانون کے مطابق ہونی چاہیے جو کم از کم 27360 فی ماہ ہے، تاہم یہ رقم پیشے کے لحاظ سے مختلف ہو سکتی ہے۔
- اس کے علاوہ آجر کو غیر یورپی کارکن کی خدمات حاصل کرنے سے پہلے ملازمت کی تشہیر یورپی یونین/ای ای اے کے اندر کرنی ہوگی۔
- درخواست دہندگان کے پاس درست پاسپورٹ اور سفری دستاویزات ہونی چاہییں، ساتھ ہی سویڈن میں رہائش کا ثبوت اور مناسب ہیلتھ انشورنس کوریج بھی ہونی چاہیے۔
- مزید برآں، امیدواروں کو اپنی آمد پر خود کو سہارا دینے کیلیے کافی فنڈز اور متعلقہ عہدے کیلیے ضروری اسناد اور مہارتیں ظاہر کرنی ہوں گی۔
اہلیت کی تصدیق کیلیے معاون دستاویزات میں درست پاسپورٹ، ملازمت کا معاہدہ، تنخواہ کا ثبوت، رہائش کا ثبوت، ہیلتھ انشورنس دستاویزات، پاسپورٹ سائز کی رنگین تصاویر، تعلیمی اسناد، پیشہ ورانہ سرٹیفکیٹس اور سابقہ کام کے تجربے کا ثبوت شامل ہیں۔
تمام دستاویزات انگریزی یا سویڈش میں ہونی چاہییں۔