وِلادیکانس (بارسلونا) میں 20 سال بعد ’گلابی لباس والی خاتون‘ کی شناخت

پیرس (دوست نیوز) — 25 ستمبر 2025/اسپین میں بیس برس قبل مردہ حالت میں پائی جانے والی ایک خاتون کی شناخت بالآخر ہو گئی ہے۔ انٹرپول کے مطابق یہ خاتون روسی شہری لیوڈمیلا زاوادا تھیں، جنہیں 2005 میں بارسلونا صوبے کے قصبے وِلادیکانس کے قریب ایک سڑک کے کنارے پایا گیا تھا۔
یہ کیس ’گلابی لباس والی عورت‘ کے نام سے مشہور ہوا تھا کیونکہ خاتون اُس وقت گلابی کپڑوں میں ملبوس تھیں اور طبی معائنے کے مطابق ان کی موت واقع ہوئے 24 گھنٹے سے بھی کم وقت گزرا تھا۔ مقامی پولیس کی بھرپور تحقیقات کے باوجود ان کی شناخت دو دہائیوں تک نہ ہو سکی۔
پیش رفت 2025 میں اُس وقت ممکن ہوئی جب ترک حکام نے لاش کی فنگر پرنٹس اپنی قومی ڈیٹا بیس سے ملائے، جہاں اُنہیں مثبت نتیجہ ملا اور خاتون کو زاوادا کے طور پر شناخت کیا گیا۔ بعد ازاں ڈی این اے ٹیسٹ کے ذریعے قریبی رشتہ دار سے موازنہ کر کے اس شناخت کی باضابطہ تصدیق کی گئی۔
انٹرپول کے سیکریٹری جنرل والدیسی اُرکیزا نے کہا:“ہر شناخت نہ صرف خاندانوں کو انصاف اور تسلی دیتی ہے بلکہ بین الاقوامی تعاون اور فرانزک تحقیقات پر اعتماد کو بھی مضبوط کرتی ہے۔”
یہ معاملہ انٹرپول کی بین الاقوامی مہم “Identify Me” کی کامیاب شناختوں میں سے تیسرا ہے۔ اس سے قبل برطانوی شہری ریٹا رابرٹس (قتل شدہ، ایمسٹرڈم 1992) اور آئنوا اِزاگا ایبیئٹا لیما (33 برس، اسپین اور پیراگوئے کے تعاون سے شناخت) کی شناخت کی جا چکی ہے۔
یہ مہم 2023 میں انٹرپول اور چھ یورپی ممالک (بیلجیم، فرانس، جرمنی، اٹلی، نیدرلینڈز اور اسپین) نے شروع کی تھی تاکہ گزشتہ کئی دہائیوں میں یورپ میں مشکوک یا نامعلوم حالات میں ہلاک ہونے والی خواتین کی شناخت کی جا سکے۔ اب تک اس مہم میں 47 کیس شامل کیے جا چکے ہیں۔
انٹرپول نے مزید بتایا کہ 2021 سے اس کی I-Familia نامی عالمی ڈیٹا بیس سروس تفتیش کاروں کو رضاکارانہ طور پر دیے گئے لواحقین کے ڈی این اے نمونوں کی بنیاد پر لاوارث لاشوں کی شناخت کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہے، جس کا کسی بھی مجرمانہ ڈیٹا بیس سے تعلق نہیں ہے۔