2027 کے انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ،پیدروسانچز کا اعلان

اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے کہا ہے کہ وہ یقیناً 2027 کے عام انتخابات میں بطور امیدوار سامنے آئیں گے۔
بدھ کے روز نیویارک میں بلومبرگ ٹی وی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں ان سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ آئندہ انتخابات میں سوشلسٹ پارٹی کی قیادت کریں گے، جس پر انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا: “یہ میں ضرور کروں گا۔”
سانچیز نے مزید کہا: “یہ معاملہ میں اپنی فیملی اور پارٹی سے بات کر چکا ہوں، اور اگر پارٹی کی اجازت ہوئی تو مجھے مکمل اعتماد ہے کہ ہم اپنی اکثریت کو دوبارہ دہرا سکتے ہیں اور اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔”
وزیر اعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں آیا ہے جب وہ سیاسی اور عدالتی دباؤ کے گھیرے میں ہیں۔ اپوزیشن کی سخت مزاحمت، کمزور پارلیمانی اکثریت، اتحادی جماعتوں کے ساتھ تناؤ اور ان کی اہلیہ اور بھائی کے خلاف جاری تحقیقات نے حکومت کے لیے مشکلات کھڑی کر رکھی ہیں۔
بلومبرگ کے انٹرویو میں ان سے ان تحقیقات کے بارے میں کوئی سوال نہیں کیا گیا، تاہم یہ ضرور پوچھا گیا کہ چونکہ سوشلسٹ پارٹی پچھلے انتخابات میں سب سے بڑی جماعت نہیں بنی تھی، تو وہ کس طرح اتحادی حکومت کو قائم رکھے ہوئے ہیں۔
اس موقع پر سانچیز نے اسپین کی معیشت کو یورپ میں صفِ اول میں قرار دیا اور کہا کہ ملک کی ترقی اور آبادی کے توازن کے لیے ہجرت (امیگریشن) ناگزیر ہے۔