کاتالونیا پارلیمنٹ میں نئے ٹیکسی قانون سازی 2026 میں منظور ہونے کی توقع

IMG_0305

بارسلونا میں رائیڈ ہیلنگ سروسز کی تعداد بتدریج کم ہوگی

بارسلونا، 25 ستمبر 2025 (دوست نیوز)کاتالونیا کی پارلیمنٹ میں اکثریت رکھنے والی جماعتیں 2026 میں نئی ٹیکسی قانون سازی منظور کرنے کی توقع کر رہی ہیں۔ سب سے بڑی جماعت سوشلسٹ، آزادی کی حامی جماعتیں “یونتس”، “اسکویرا ریپبلیکانہ” اور “سی یو پی” کے ساتھ بائیں بازو کی جماعت “کومنس” آئندہ دنوں میں اس حوالے سے مذاکرات کا آغاز کریں گی۔

یہ قانون جمعرات کو کاتالان ایوان میں زیربحث آیا، جہاں حامی جماعتوں نے اس کے مسودے پر مزید بات چیت اور ترامیم کے ذریعے وسیع حمایت یقینی بنانے پر اتفاق کیا۔ یہ پانچ جماعتیں مجموعی طور پر 135 میں سے 107 نشستوں پر قابض ہیں، جو 68 ووٹ کی مطلق اکثریت سے کہیں زیادہ ہے۔

سوشلسٹ ایم پی خوسے اگناسيو اپاریسیو نے کہا کہ ٹیکسی انڈسٹری کے ساتھ “کھلا مکالمہ” ضروری ہے۔ دوسری جانب “یونتس” نے مسودۂ قانون پر نظرثانی کی اپیل کرتے ہوئے تجویز دی ہے کہ ٹیکسی لائسنس حاصل کرنے کے لیے کاتالان زبان کا بی ٹو (B2) معیار لازمی ہو، جب کہ موجودہ مسودے میں بی ون (B1) درج ہے۔

بائیں بازو کے “کومنس” کے ترجمان لُئیس میخولر نے اس قانون کو “آغاز” قرار دیا، جبکہ “سی یو پی” کی سربراہ لورے ویگا نے عوامی شعبے کے تحفظ پر زور دیا۔ “اسکویرا ریپبلیکانہ” کے جوردي البرت نے بھی عوامی شعبے کی اہمیت اور لسانی حقوق کے تحفظ پر زور دیا۔

اگرچہ مختلف جماعتیں سمجھتی ہیں کہ پارلیمانی عمل وقت لے گا، تاہم ان کا ماننا ہے کہ نیا قانون اگلے سال نافذ ہو جائے گا۔

پرائیویٹ ہائر وہیکلز پر پابندی

مجوزہ قانون کے تحت بارسلونا میٹروپولیٹن علاقے میں پرائیویٹ ہائر وہیکلز (پی ایچ وی) یعنی اوبر جیسی رائیڈ ہیلنگ سروسز کے لائسنس بتدریج کم کر دیے جائیں گے۔ کاتالونیا میں ان کے لیے “وی ٹی سی” (VTC) کی اصطلاح استعمال ہوتی ہے۔

فی الحال تقریباً ایک ہزار لائسنس فعال ہیں اور حکام ان کی میعاد ختم ہونے پر تجدید نہیں کریں گے۔ قانون میں ایک نئی قسم کی پرائیویٹ ہائر سروس “ہائی ایویلیبلٹی” متعارف کروائی جائے گی، جس کی بکنگ کم از کم دو گھنٹے پہلے کرنی ہوگی اور کم از کم ایک گھنٹے کی سروس لازمی ہوگی۔

پلیٹ فارمز کا مؤقف: 4 ہزار نوکریاں خطرے میں

جمعرات کو کیبی فائی، اوبر اور بولٹ نے مشترکہ بیان میں اس قانون کی شدید مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ نئے ضوابط سے “راتوں رات” چار ہزار ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔

کمپنیوں کا کہنا ہے کہ شہریوں کو بھی بارسلونا میں سفری سہولیات کی کمی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کا دعویٰ ہے کہ پی ایچ وی اور ٹیکسیاں ایک دوسرے کی حریف نہیں بلکہ ساتھ ساتھ چل سکتی ہیں۔

پلیٹ فارمز کے مطابق بارسلونا یورپ کا وہ شہر ہے جہاں فی ہزار باشندے سب سے کم پی ایچ وی اور ٹیکسیاں موجود ہیں۔ ان کے حساب سے بارسلونا میں یہ شرح 3.4 گاڑیاں فی ہزار ہے، جو پیرس (5.5) سے 2.1 پوائنٹس کم، لزبن اور ایمسٹرڈیم (8.5) سے نصف اور نیویارک (11.3) اور لندن (12.3) سے کہیں پیچھے ہے۔

کمپنیوں نے حکومت اور سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے منصوبے پر نظر ثانی کریں اور ایسا متبادل قانون لائیں جو وی ٹی سی شعبے کو بھی شامل کرے۔ ان کے بقول، قانون ایسا ہونا چاہیے جو “سفری حق کی ضمانت”، “ہزاروں ملازمین کی برطرفی سے بچاؤ” اور “مستقبل کی ٹرانسپورٹ”، یعنی الیکٹرک گاڑیوں کی جانب منتقلی کی بنیاد رکھے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے