اسپین: اسپین کے وزیراعظم اور سوشلسٹ پارٹی (PSOE) کے سربراہ پیدرو سانچیز نے آئندہ عام انتخابات کے حوالے سے عوام سے بھرپور ووٹنگ اور انتخابی عمل میں زیادہ سے زیادہ شرکت کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی رجعت پسندی اور دائیں بازو کی انتہا پسندی کو روکنے کا بہترین طریقہ عوام کی بڑی تعداد میں ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نکلنا ہے۔
سانچیز نے ہفتے کے روز تاراگونا کی بندرگاہ کے علاقے مول دے لا کوستا میں منعقدہ انتخابی مہم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’’اگر ہم بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں تو فیخو اور اباسکال کو گھر بھیج سکتے ہیں، اس لیے ووٹ ڈالیں، کامیابی حاصل کریں اور مزید چار سال حکومت کریں۔‘‘
ان کا اشارہ پاپولر پارٹی (PP) کے رہنما البرتو نونیئز فیخو اور انتہائی دائیں بازو کی جماعت ووکس (Vox) کے سربراہ سانتیاگو اباسکال کی جانب تھا۔
سانچیز نے امریکا میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوپ لیو چہاردہم نے بھی ووٹ ڈالا ہے۔ ان کے مطابق آج کے دور میں ووٹ اور عوامی شرکت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ انتہائی دائیں بازو کی سیاسی لہر اسپین میں بھی کمزور پڑ جائے گی، جس طرح ان کے بقول برازیل اور امریکا میں اس کا اثر کم ہوا ہے۔
اس تقریب میں کاتالونیا کے صدر سلوادور اییا، وزیر صنعت جوردی ہیریو، تاراگونا کے میئر روبین وینیالس اور سوشلسٹ پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ پارٹی کے مطابق تقریب میں تقریباً دو ہزار افراد موجود تھے۔
