بلدیہ بارسلونا نے اپنی عمارت پر “اسرائیل کی نسل کش حکومت” کے خلاف بینرز آویزاں کر دیے،

بارسلونا (دوست نیوز)بارسلونا کی میونسپل کونسل نے اتوار کی صبح اپنی مرکزی عمارت کی پیشانی پر دو بڑے بینرز آویزاں کر دیے جن پر درج تھا: “اسرائیل کی نسل کش حکومت کو روکو” اور “فلوٹیلا کے ساتھ یکجہتی”۔ دونوں بینرز سیاہ حروف میں سفید پس منظر پر تحریر کیے گئے تھے۔
یہ اقدام اس وقت سامنے آیا جب شہر میں ’’لا مرثے‘‘ کی تقریبات کے سلسلے میں میونسپل جشن اور روایتی کاسٹییرس کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
بلدیہ کے ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ گزشتہ جمعہ کو میونسپل ’’جنتا دے پورتا بوث‘‘ کے اجلاس میں لیا گیا تھا، جس میں PSC، بی کومو، ERC اور جونتس پر بارسلونا کے نمائندوں نے حمایت کی۔
تاہم، پاپولر پارٹی کے میونسپل سربراہ دینیئل سیریرا نے اس فیصلے پر سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ ادارے کی غیرجانبداری کی “واضح خلاف ورزی” ہے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ ان کی جماعت “تمام قانونی اور سیاسی اقدامات” کا جائزہ لے گی تاکہ یقینی بنایا جا سکے کہ بلدیہ اپنی غیرجانبداری برقرار رکھے۔
ادھر، اسی روز گلوبل سمود فلوٹیلا بارسلونا کی بندرگاہ سے روانہ ہوئی جو غزہ کی پٹی کی جانب جا رہی ہے۔ اس قافلے میں سابق میئر ادا کولاؤ اور ERC کے کونسلر جوردی کرونا سمیت دیگر شخصیات شریک ہیں۔ فلوٹیلا کے منتظمین کے مطابق “فلسطین کی جدوجہد، انسانیت کی جدوجہد ہے”۔