سانچیز نے ٹرمپ کے غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کیا: “وقت آگیا ہے کہ دکھ اور تکلیف ختم ہوں

میڈرڈ 30 ستمبر (دوست نیوز)ہسپانوی وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پیش کردہ امن منصوبے کا خیرمقدم کیا ہے، جس کا مقصد غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کا خاتمہ ہے۔ یہ منصوبہ پیر کو وائٹ ہاؤس میں ٹرمپ اور اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کی مشترکہ پریس کانفرنس میں باضابطہ طور پر پیش کیا گیا۔
سانچیز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (X) پر اپنے پیغام میں کہا:“اسپین، امریکا کے پیش کردہ غزہ امن منصوبے کا خیرمقدم کرتا ہے۔ اب وقت آگیا ہے کہ اس قدر طویل عرصے کے بعد اس دکھ اور تکلیف کا خاتمہ ہو۔”
انہوں نے زور دیا کہ “اب تشدد رکنا چاہیے، تمام مغویوں کی فوری رہائی عمل میں آنی چاہیے اور عام شہریوں کے لیے انسانی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جانی چاہیے۔” سانچیز نے ایک بار پھر یہ مؤقف دہرایا کہ “دو ریاستی حل، یعنی اسرائیل اور فلسطین کا ساتھ ساتھ امن اور سلامتی کے ساتھ رہنا ہی واحد ممکنہ راستہ ہے۔”