میڈرڈ/ اسپین کی وزارتِ نوجوانان و اطفال نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹک ٹاک پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق مبینہ ویڈیوز کی موجودگی کے سنگین انکشافات کے بعد ملک میں اس پلیٹ فارم کی خدمات معطل کرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ حکومت نے معاملے کی تحقیقات اور متاثرہ بچوں کے تحفظ کے لیے سرکاری استغاثہ کے ادارے (Fiscalía General del Estado) سے بھی کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔
وزارت کی جانب سے پیر کے روز جاری کردہ بیان کے مطابق، تحقیقاتی ادارے Maldita.es کی شائع کردہ رپورٹ میں ٹک ٹاک پر بچوں کے جنسی استحصال سے متعلق ایک ہزار سے زائد واضح ویڈیوز کی نشاندہی کی گئی ہے۔ تحقیقاتی ادارے نے ان میں سے 50 ویڈیوز کو غیر قانونی مواد قرار دیتے ہوئے ٹک ٹاک کو رپورٹ کیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق ان 50 ویڈیوز کو مجموعی طور پر 88 لاکھ مرتبہ دیکھا گیا، جبکہ ان پر ایک لاکھ 48 ہزار سے زائد لائکس بھی موجود تھے۔
تحقیقاتی ادارے کے مطابق ٹک ٹاک نے رپورٹ کی گئی 50 ویڈیوز میں سے صرف 5 کو مکمل طور پر ڈیلیٹ کیا، جو مجموعی تعداد کا 10 فیصد بنتا ہے، جبکہ 13 ویڈیوز کو صرف اسپین میں بلاک کیا گیا۔
مزید 6 فیصد شکایات پر کوئی جواب نہیں دیا گیا، جبکہ باقی 58 فیصد ویڈیوز کے بارے میں پلیٹ فارم نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ اس کے قوانین کی خلاف ورزی نہیں کرتیں۔ تاہم، ان میں سے نصف سے زائد ویڈیوز شکایت موصول ہونے کے 72 گھنٹوں کے اندر بعد میں ڈیلیٹ کر دی گئیں۔ اس کے باوجود رپورٹ کے مطابق 38 فیصد شکایت شدہ اکاؤنٹس بدستور فعال تھے۔
اسپین کی وزیرِ نوجوانان و اطفال سِرا ریگو نے ٹک ٹاک اسپین کے نمائندوں سے فوری اجلاس طلب کیا ہے۔ وہ جاننا چاہتی ہیں کہ پلیٹ فارم نے بچوں اور نوجوانوں کے تحفظ کے لیے اب تک کیا اقدامات کیے ہیں اور مستقبل میں ایسے مواد کی روک تھام کے لیے کون سے فوری اقدامات کیے جائیں گے۔
وزارت کے مطابق یہ انکشافات انتہائی سنگین نوعیت کے ہیں اور بچوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قومی اور یورپی سطح پر تمام متعلقہ اداروں کی فوری اور مشترکہ کارروائی ضروری ہے۔
حکومت نے ٹک ٹاک کے مواد کی نگرانی، غیر قانونی ویڈیوز کی نشاندہی اور انہیں پھیلنے سے روکنے کے نظام میں سنگین خامیوں کی بھی نشاندہی کی ہے۔ وزارت کا کہنا ہے کہ اگر مناسب اقدامات نہ کیے گئے تو اسپین میں ٹک ٹاک کی خدمات معطل کرنے کا آپشن بھی زیرِ غور آ سکتا ہے۔
