بارسلونا میں سیاحتی اپارٹمنٹس کے خلاف میئر خائمے کولبونی کی حکومت کی کارروائی کے نتیجے میں گزشتہ ایک سال کے دوران ایئر بی این بی (Airbnb) پر سیاحتی رہائش کے اشتہارات میں 20 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ بارسلونا کی ڈپٹی میئر لایا بونیت کے مطابق پلیٹ فارم سے تقریباً 4 ہزار اشتہارات ہٹا دیے گئے ہیں، جن میں سے 60 فیصد غیر قانونی سیاحتی رہائش سے متعلق تھے۔
لیا بونیت نے پیر کے روز اس کامیابی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمی اچانک نہیں ہوئی بلکہ بارسلونا سٹی کونسل کی مسلسل نگرانی، معائنے اور غیر قانونی سیاحتی اپارٹمنٹس کے خلاف کارروائیوں کا نتیجہ ہے۔
ان کے مطابق بلدیہ ہر ماہ تقریباً 300 ایسے اشتہارات کی نشاندہی کرکے ایئر بی این بی کو بھیجتی ہے جنہیں غیر قانونی سمجھا جاتا ہے، تاکہ انہیں پلیٹ فارم سے ہٹایا جا سکے۔
بونیت نے مزید بتایا کہ ایئر بی این بی بھی ہٹائے گئے اشتہارات کو دوبارہ شائع ہونے سے روکنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے۔ تاہم سٹی کونسل چاہتی ہے کہ ڈیجیٹل پلیٹ فارمز خود بھی پیشگی نگرانی کریں اور بغیر لائسنس رہائش کی تشہیر اور بکنگ روکنے میں کردار ادا کریں۔
انہوں نے واضح کیا کہ بارسلونا انتظامیہ 2028 تک اس پالیسی پر عمل جاری رکھے گی۔ اسی سال شہر میں سیاحتی رہائش کے تمام موجودہ لائسنس ختم کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس اقدام کا مقصد سیاحتی اپارٹمنٹس کو رہائشی مارکیٹ میں واپس لانا اور مقامی شہریوں کے لیے گھروں کی دستیابی بہتر بنانا ہے۔
دوسری جانب لایا بونیت نے نئی تعمیرات میں 30 فیصد سستے اور سرکاری تحفظ یافتہ مکانات مختص کرنے کی پالیسی کا بھی دفاع کیا۔ کرایہ داروں کی تنظیم نے اس پالیسی پر مناسب عمل درآمد نہ ہونے کے خلاف بلدیہ کو عدالت لے جانے کی دھمکی دی ہے۔
بونیت کے مطابق موجودہ انتظامیہ سابقہ حکومت کے طریقہ کار پر ہی عمل کر رہی ہے، تاہم انہوں نے اعتراف کیا کہ 30 فیصد رہائشی کوٹہ مطلوبہ نتائج نہیں دے رہا اور اسے مزید مؤثر بنانے کی ضرورت ہے۔
