اسپین میں رہائش کی بنیاد پر ہسپانوی شہریت حاصل کرنے کی 243,206 درخواستیں تاحال حکومتی فیصلے کی منتظر ہیں۔ وزارتِ انصاف کے تازہ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 30 ستمبر 2026 تک یہ درخواستیں زیرِ التوا تھیں، جن میں بعض درخواستیں 2015 سے بھی زیرِ کارروائی ہیں۔
سرکاری رپورٹ کے مطابق رواں سال شہریت دینے کی بڑی تعداد کے باوجود درخواستوں کا بیک لاگ برقرار ہے۔ زیرِ التوا درخواستوں میں سے 188,520 درخواستیں 2026 میں جمع کروائی گئیں، جبکہ 40,812 درخواستیں 2025 میں جمع ہوئی تھیں۔
اعداد و شمار کے مطابق مختلف سالوں کی زیرِ التوا درخواستوں کی تفصیل یہ ہے:
- 2015: پانچ درخواستیں
- 2016: گیارہ درخواستیں
- 2017: بارہ درخواستیں
- 2018: انیس درخواستیں
- 2019: 45 درخواستیں
- 2020: 147 درخواستیں
- 2021: 1,408 درخواستیں
- 2022: 1,478 درخواستیں
- 2023: 4,029 درخواستیں
- 2024: 6,720 درخواستیں
- 2025: 40,812 درخواستیں
- 2026: 188,520 درخواستیں
اس طرح 2025 سے پہلے جمع کروائی گئی 13,874 درخواستیں بھی تاحال فیصلے کی منتظر ہیں۔ تاہم رپورٹ میں ان تاخیر کی مخصوص وجوہات بیان نہیں کی گئیں۔
2026 میں دو لاکھ سے زائد افراد کو شہریت مل گئی
وزارتِ انصاف کے مطابق جنوری سے ستمبر 2026 کے دوران شہریت سے متعلق مجموعی طور پر 225,819 درخواستوں پر فیصلے کیے گئے۔ ان میں 200,278 درخواستیں منظور، 20,266 مسترد جبکہ 5,275 درخواستیں فائل بند ہونے کے باعث نمٹا دی گئیں۔ مجموعی فیصلوں میں تقریباً 88.7 فیصد درخواستیں منظور ہوئیں۔
اسی عرصے میں شہریت کے لیے 210,911 نئی درخواستیں بھی جمع کروائی گئیں۔
ایک سال گزرنے کے باوجود فیصلہ نہ ہو تو کیا کریں؟
اسپین کے قانون کے مطابق رہائش کی بنیاد پر شہریت کی درخواست پر فیصلہ کرنے اور اطلاع دینے کی زیادہ سے زیادہ مدت ایک سال ہے۔ اگر اس مدت میں جواب نہ ملے تو قانونی طور پر اسے خاموشی کے ذریعے مسترد شدہ تصور کیا جا سکتا ہے، تاہم وزارتِ انصاف درخواست پر فیصلہ کرنے کی پابند رہتی ہے۔
ایسے افراد وزارتِ انصاف کے آن لائن ذرائع سے اپنے کیس کی صورتحال معلوم کر سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر قانونی مشورے کے ساتھ اپیل کے امکانات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ لاطینی امریکی ممالک کے شہری قانونی رہائش کے دو سال مکمل ہونے پر ہسپانوی شہریت کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔
