ہزاروں طلبہ کا اسپین بھر میں غزہ میں نسل کشی کے خلاف احتجاج: “نتن یاہو قاتل ہے

IMG_0933

میڈرڈ / بارسلونا (دوست نیوز)جمعرات کے روز اسپین بھر میں ہزاروں طلبہ نے کلاس رومز خالی کر کے سڑکوں کا رخ کیا اور غزہ میں جاری اسرائیلی بربریت و نسل کشی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ یہ مظاہرے اس وقت سامنے آئے جب اسرائیلی فوج نے غزہ جانے والی امدادی “فلوٹیلا” کو روک لیا۔

یہ ہڑتال فلسطین کے حق میں اسٹوڈنٹس یونین کی کال پر ہوئی جس میں ملک بھر کے نوجوانوں نے حصہ لیا۔ میڈرڈ میں طلبہ نے پہلے یونیورسٹی زون میں A6 شاہراہ بند کی اور بعد ازاں پُرتعداد مظاہرین پُوئرتا دل سول پر جمع ہوئے۔ وہاں اسکول اور یونیورسٹی کے طلبہ نے “غزہ ہمت رکھو، میڈرڈ اٹھ کھڑا ہے” اور “نتن یاہو قاتل” کے نعرے لگائے۔ فلسطینی طالبات نے مارچ کی قیادت کرتے ہوئے کہا: “یہ ہماری زمین ہے، اسرائیل کو نکل جانا ہوگا۔ اب مزید نسل کشی اور قتلِ عام برداشت نہیں کیا جا سکتا۔”

مظاہرین نے میڈرڈ کی علاقائی صدرہ ایزابل دیاس آیوسو کو بھی ہدفِ تنقید بنایا۔ ایک طالب علم نے کہا: “جتنا مرضی ہمیں دبائے، جھنڈے اتروائے یا آوازیں دبائے، مگر نوجوان ہمیشہ تاریخ کے درست رخ پر کھڑے ہونگے۔”

بارسلونا میں بھی فلسطین اور فلوٹیلا کے حق میں بڑے مظاہرے ہوئے جن میں اسرائیل کے ساتھ تعلق رکھنے والے کاروباروں کے بائیکاٹ پر زور دیا گیا۔ ایک بڑے سپرمارکیٹ کے سامنے احتجاج کے دوران کشیدگی بڑھی اور ایک کم عمر طالب علم پر املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ درج کیا گیا۔

دونوستیا اور بلباؤ میں بھی طلبہ نے پرزور انداز میں آزادیٔ فلسطین کا مطالبہ کیا، جبکہ ویگو میں کتابوں کی جگہ فلسطینی پرچم اور رومال لہراتے نظر آئے۔ سینتیاگو میں ایدوردو پوندال انسٹی ٹیوٹ کی تقریباً تمام کلاسیں خالی رہیں۔ ادارے کے ڈائریکٹر آسکر کوتو نے کہا: “یہ نہ صرف ہمارا اخلاقی بلکہ قانونی فرض ہے کہ طلبہ کو ایسے حالات میں درست اقدار سکھائیں۔”

اسی طرح ویلنشیا میں بھی ہزاروں نوجوانوں نے “کہاں ہیں، نظر نہیں آتیں، اسرائیل کی کارروائیاں کہاں ہیں؟” کے نعرے لگائے اور دنیا کو یہ پیغام دیا کہ اسپین کے طلبہ اسرائیلی مظالم اور غزہ میں نتن یاہو کی مسلط کردہ قحط سالی کے سخت مخالف ہیں، جہاں گزشتہ دو برسوں میں 66 ہزار سے زائد بے گناہ فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے