حکومت سازی، آصف زرداری اور نواز شریف کی ملاقات آج ہوگی
سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے درمیان ملاقات آج ہوگی جس میں حکومت سازی کے حوالے سے بات چیت ہوگی۔
حکومت سازی کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بھی پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سے گزشتہ روز ملاقات کی تھی۔
دوسری جانب نوازشریف کی دعوت پر ایم کیو ایم پاکستان کا وفد بھی لاہور پہنچ گیا ہے، وفد میں گورنر سندھ، خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ن لیگ متحدہ کو وفاق میں مشترکہ حکومت سازی کے لیے تعاون کی درخواست کرے گی۔
ادھر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ وفاق، پنجاب اور بلوچستان میں پیپلز پارٹی کے بغیر حکومت نہیں بن سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی انہیں وزیراعظم کا امیدوار نامزد کرچکی ہے، فیصلے میں تبدیلی کے لیے دوبارہ سی ای سی سے رجوع کرنا ہوگا۔