ویڈیو کال کے دوران موبائل چوری، اسکرین شاٹ نے چور کو جیل پہنچا دیا

بارسلونا (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)بارسلونا کے علاقے سانت انتونی میں ایک شخص نے رات تقریباً ایک بجے ایک خاتون کا موبائل فون اس وقت چھین لیا جب وہ سڑک پر چلتے ہوئے ویڈیو کال پر مصروف تھی۔ خاتون کے بات چیت میں مصروف ہونے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ملزم نے اچانک فون جھپٹ لیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔
تاہم، حیران کن طور پر واردات کے فوراً بعد ویڈیو کال پر موجود دوسری خاتون نے ہوشیاری سے اسکرین شاٹ لے لیا جس میں چور کا چہرہ واضح نظر آ رہا تھا۔ اس تصویر کو متاثرہ خاتون کے ساتھی کو بھیجا گیا، جس نے فوراً وہاں موجود گواردیا اربانا (بلدیہ پولیس) کے اہلکاروں کو دکھایا۔
پولیس نے نہ صرف تصویر دیکھی بلکہ ملزم کی ظاہری شناخت کی تفصیلات بھی حاصل کیں۔ کچھ دیر کی تلاش کے بعد اہلکاروں نے مشتبہ شخص کو شہر کے علاقے رَوال میں سائیکل چلاتے ہوئے پکڑ لیا۔ اگرچہ اس کے پاس چوری شدہ فون برآمد نہیں ہوا، تاہم تصویر اور عینی شواہد کی بنیاد پر اسے گرفتار کر لیا گیا۔
پولیس کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کے استعمال نے اس کیس کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ ویڈیو کال کے دوران چوری کرنے والے چور نے خود اپنی گرفتاری کا ثبوت فراہم کر دیا۔