اسپین کی ریاستی حکومت میں تبدیلی کے لیے انتخابی مہم کے دوران میڈرڈ کی علاقائی صدر ازابیل دیاز ایوسو اور بادالونا کے میئر ژاویر گارسیا البیول نے بارسلونا میں مشترکہ جلسہ کیا، جہاں انہوں نے آزادی، تحفظ اور خوشحالی کو اپنی سیاسی مہم کے بنیادی نکات قرار دیتے ہوئے عوام سے پاپولر پارٹی (PP) کے رہنما البرتو نونیز فیخو کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کی۔
19 نومبر کو بارسلونا کے علاقے ساریا میں واقع پلاسا دی آرتوس میں ہونے والے اس جلسے میں سینکڑوں حامیوں نے شرکت کی۔ ایوسو کے ہمراہ بادالونا کے میئر اور بارسلونا صوبے سے انتخابی امیدوار ژاویر گارسیا البیول، کاتالونیا میں پاپولر پارٹی کے سربراہ الیخاندرو فرناندیز اور بارسلونا میں پارٹی کے رہنما دینیئل سیررا بھی موجود تھے۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے دینیئل سیررا نے پلاسا دی آرتوس کو کاتالونیا کی علیحدگی پسند تحریک کے خلاف مزاحمت اور آزادی کی علامت قرار دیا۔
ژاویر گارسیا البیول نے بارسلونا کو اسپین کا غیر محفوظ ترین شہر قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ یہاں غیر قانونی قبضوں اور مہنگے کرایوں کا مسئلہ سنگین ہو چکا ہے۔ انہوں نے وزیراعظم پیدرو سانچیز کو اقتدار سے ہٹانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اسپین کو سیاسی تبدیلی کی ضرورت ہے۔
البیول نے جرائم میں ملوث افراد کے خلاف سخت مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ مجرم ہسپانوی شہری ہو تو اسے جیل بھیجا جائے اور غیر ملکی ہو تو اس کے ملک واپس بھیج دیا جائے۔ ان کے اس بیان پر سیاسی حلقوں میں پہلے ہی بحث جاری ہے۔
دوسری جانب ایوسو نے سوشلسٹ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ اس نے معاشرے میں تقسیم پیدا کی، عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ بڑھایا اور سرکاری اداروں کو کمزور کیا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اسپین کو وینزویلا یا کولمبیا جیسے حالات کی طرف نہیں جانا چاہیے، جہاں ان کے بقول زوال کے باعث بڑی تعداد میں شہری ملک چھوڑنے پر مجبور ہوئے۔
ایوسو نے موجودہ حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ سانچیز کی سیاست عوام کی محنت کا فائدہ اٹھا رہی ہے۔ ان کے مطابق 29 نومبر کے انتخابات اسپین کے مستقبل اور سیاسی سمت کا فیصلہ کریں گے۔
جلسے میں رہنماؤں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پیپلز پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں تاکہ ملک میں سیاسی تبدیلی ممکن ہو سکے۔
