اسپین میں بے گھر افراد کو صرف رہائش کی محرومی ہی نہیں بلکہ نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد جیسے سنگین مسائل کا بھی سامنا ہے۔ ایک تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران اسپین میں بے گھر افراد میں سے 64 فیصد کو ان کی غربت اور بے گھری کی وجہ سے کسی نہ کسی قسم کے تشدد، ہراسانی یا نفرت انگیز واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔
یہ رپورٹ سماجی تنظیم ’ہوگار سی‘ (Hogar Sí) کے آبزرویٹری نے یونیورسٹی آف سلامانکا کے انسانی حقوق اور عوامی پالیسیوں کے تحقیقی مرکز کے تعاون سے تیار کی ہے۔ ’یہ الگ تھلگ واقعات نہیں‘ کے عنوان سے جاری ہونے والی اس تحقیق میں اپریل سے جولائی 2026 کے دوران اسپین کی مختلف خودمختار کمیونٹیز میں 144 بے گھر افراد کے انٹرویوز کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق تشدد کا نشانہ بننے والے بیشتر افراد کو ایک سے زیادہ مرتبہ ایسے واقعات کا سامنا کرنا پڑا۔ ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بے گھر افراد کے خلاف نفرت اور تشدد صرف انتہا پسند یا معاشرے سے الگ تھلگ گروہوں تک محدود نہیں، بلکہ معاشرے میں مکمل طور پر شامل عام افراد بھی ایسے رویوں میں ملوث پائے گئے ہیں۔
تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ تقریباً دس میں سے چھ حملے ایسے مقامات پر ہوئے جہاں دوسرے لوگ بھی موجود تھے، تاہم ان میں سے 60.8 فیصد افراد نے واقعہ دیکھنے کے باوجود مداخلت نہیں کی اور متاثرین کی مدد کے لیے آگے نہیں بڑھے۔
رپورٹ کے مطابق 61 فیصد متاثرین نے مدد طلب نہیں کی، کیونکہ انہیں یقین تھا کہ کوئی ان کی مدد نہیں کرے گا یا ان کی بات پر اعتبار نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح 53 فیصد متاثرین نے پولیس میں شکایت بھی درج نہیں کرائی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اعدادوشمار اسپین میں بے گھر افراد کے خلاف بڑھتے ہوئے تعصب اور نفرت انگیز رویوں کی سنگینی کو ظاہر کرتے ہیں۔ رپورٹ میں ایسے افراد کے تحفظ، سماجی آگاہی اور متاثرین کو انصاف کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
