اٹلی کے علاقے ریجو ایمیلیا (Reggio Emilia) میں 25 سالہ پاکستانی نژاد خاتون نے شوہر اور سسرالی رشتہ داروں کے مبینہ تشدد، جنسی زیادتی اور قتل کی دھمکیوں سے بچنے کے لیے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی۔ خاتون کو زخمی حالت میں دیکھ کر راہگیروں نے فوری مدد فراہم کی اور ایمرجنسی سروس کو اطلاع دی۔
اطالوی اخبار کورئیرے ڈیلا سیرا کے مطابق یہ واقعہ 4 جون کو پیش آیا۔ خاتون اپنے 27 سالہ شوہر کے ساتھ نوویلارا میں رہائش پذیر تھی۔ اس نے پولیس کو بتایا کہ شوہر اسے مکے، تھپڑ، بھاری جوتوں اور بیلٹ سے تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ شوہر نے اسے اطالوی زبان سیکھنے سے بھی روک رکھا تھا تاکہ وہ معاشرے میں گھل مل کر خودمختار زندگی نہ گزار سکے۔
خاتون نے الزام لگایا کہ شوہر اسے اپنی ملکیت سمجھتا تھا اور اپنے والد اور تین بھائیوں کے ساتھ بھی جنسی تعلقات قائم کرنے پر مجبور کرتا تھا۔
4 جون کو شوہر کے ساتھ تعلقات سے انکار کرنے پر اسے کوریجیو میں سسرالی رشتہ داروں کے گھر لے جایا گیا، جہاں سسر اور دو دیوروں نے مبینہ طور پر اسے تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا گھونٹنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں اسے ایک فارم ہاؤس میں قید کرنے اور قتل کرکے مرغیوں کے ڈربے کے نیچے دفن کرنے کی دھمکی دی گئی۔
جان بچانے کے لیے خاتون نے چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی۔ راہگیروں نے اسے بچایا اور پولیس نے تحقیقات شروع کردیں۔
18 نومبر کو ریجو ایمیلیا کی عدالت میں خاتون کا بیان ریکارڈ کیا گیا۔ پراسیکیوشن نے شوہر اور چار دیگر پاکستانی شہریوں کے خلاف کارروائی شروع کی۔
عدالت نے شوہر کی جیل حراست کو گھر میں نظر بندی میں تبدیل کردیا، جبکہ سسر اور دو دیوروں پر خاتون سے ایک ہزار میٹر دور رہنے کی پابندی برقرار رکھی گئی۔ متاثرہ خاتون اس وقت حفاظتی پناہ گاہ میں مقیم ہے۔
پولیس اور پراسیکیوشن مزید تحقیقات کر رہے ہیں، جبکہ مقدمہ ٹرائل کی جانب بڑھ رہا ہے۔
تمام الزامات متاثرہ خاتون کے بیانات پر مبنی ہیں اور عدالتی کارروائی جاری ہے۔
