اسپین دفاعی اخراجات کے وعدوں پر پورا نہیں اتر رہا،نیٹو سے نکال دیا جائے،ٹرمپ

IMG_1552

واشنگٹن (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کے روز اپنے فِن لینڈی ہم منصب الیگزینڈر اسٹب سے ملاقات کے دوران کہا کہ “شاید اسپین کو نیٹو سے نکال دینا چاہیے”، کیونکہ وہ دفاعی اخراجات کے حوالے سے اتحاد کے وعدوں پر عمل نہیں کر رہا۔

ٹرمپ کے اس بیان پر اسپین کی حکومت نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ “اسپین نیٹو کا ایک مکمل اور فعال رکن ہے جو اپنی دفاعی صلاحیتوں کے اہداف اسی طرح پورے کر رہا ہے جیسے امریکہ کرتا ہے۔”

ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا، “ان کے پاس ایسا نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔ مگر خیر، کوئی بات نہیں، شاید انہیں نیٹو سے نکال دینا چاہیے۔ انہیں (اسپین کو) فون کرکے پوچھنا چاہیے کہ وہ پیچھے کیوں رہ گئے ہیں، حالانکہ ان کی معیشت اچھی جا رہی ہے، جس کی ایک بڑی وجہ وہ اقدامات ہیں جو ہم نے کیے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے نیٹو ممالک سے کہا تھا کہ وہ اپنے دفاعی بجٹ کو مجموعی قومی پیداوار (GDP) کے 5 فیصد تک بڑھائیں، مگر اسپین ایسا کرنے میں ناکام رہا۔ “میرا خیال ہے کہ آپ کو اسپین سے بات شروع کرنی ہوگی،” ٹرمپ نے اسٹب سے کہا۔

دوسری جانب حزبِ اختلاف کے رہنما اور پاپولر پارٹی کے سربراہ البرتو نونیئز فیخوؤ نے ٹرمپ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم پیدرو سانچیز کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا، “مسئلہ اسپین نہیں، سانچیز ہیں۔ اسپین ایک معتبر، پُرعزم اور قابلِ فخر نیٹو رکن ہے اور ایسا ہی رہے گا۔”

انہوں نے مزید کہا “سانچیز پر بھروسہ نہیں کیا جا سکتا، لیکن ملک کو ان کی غیر سنجیدگی کی سزا نہیں ملنی چاہیے۔ اسپین نیٹو سے نہیں نکلے گا، بلکہ سانچیز لا مونکلوآ (وزیراعظم ہاؤس) سے نکلیں گے۔”

یہ پہلا موقع نہیں کہ ٹرمپ نے اسپین کو ہدفِ تنقید بنایا ہو، لیکن نیٹو سے نکالنے کی تجویز پہلی بار سامنے آئی ہے۔

جون میں ہونے والی نیٹو سربراہ کانفرنس کے بعد اسپین نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے دفاعی بجٹ کو مجموعی قومی پیداوار کے 2.1 فیصد تک بڑھائے گا اور 2035 تک 5 فیصد کے ہدف تک پہنچنے کے لیے لچکدار طریقہ کار اپنائے گا۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق، پیدرو سانچیز کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اسپین نے اپنے دفاعی بجٹ کو تین گنا بڑھایا ہے۔ 2018 میں اسپین کا دفاعی بجٹ 11.172 ارب یورو تھا، جو 2025 میں بڑھ کر 33.123 ارب یورو ہونے کی توقع ہے، یعنی 0.9 فیصد سے 2 فیصد تک اضافہ۔

تاہم، امریکہ نے واضح کیا ہے کہ 2 فیصد کا ہدف اب کافی نہیں۔ اگست کے آخر میں امریکی محکمۂ خارجہ نے انتباہ دیا تھا کہ 5 فیصد کا ہدف پورا نہ کرنے پر “سنگین نتائج” سامنے آئیں گے۔

محکمے کے ترجمان کے مطابق، “جون کی نیٹو کانفرنس میں تمام رکن ممالک، بشمول اسپین، نے 2035 تک اپنے جی ڈی پی کا 5 فیصد دفاع پر خرچ کرنے کا عہد کیا تھا۔”

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے