اسپین کے قومی دن فیئستا ناسیونال کے موقع پر منعقدہ روایتی فوجی پریڈاور سیاسی تناؤ

IMG_1668

میڈرڈ (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)اسپین کے قومی دن فیئستا ناسیونال کے موقع پر منعقدہ روایتی فوجی پریڈ اس سال بھی سیاسی تناؤ کی نذر ہو گئی۔ وزیرِاعظم پیدرو سانچیز کو حسبِ روایت عوام کی جانب سے سیٹیاں اور نعروں کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ دائیں بازو کی جماعت ووکس کے سربراہ سانتیاگو اباسکل نے احتجاجاً تقریب میں شرکت نہ کر کے نئی روایت قائم کی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ کسی بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ نے یومِ ہسپانیہ کے مرکزی سرکاری تقریب کا بائیکاٹ کیا ہو۔

پریڈ کے آغاز پر فضا خوشگوار تھی جب شاہ فلیپ ششم، ملکہ لیتیثیا، شہزادی آسطوریا اور انفانتا صوفیہ نے کانوواس ڈیل کاستیلو چوک پر پہنچ کر تقریب کی صدارت کی۔ شاہی جوڑا نیشنل ہیریٹیج کے رولز رائس میں سوار تھا جبکہ شہزادیوں کا قافلہ پیچھے رواں تھا۔ شہزادی صوفیہ دو سال بعد وطن واپسی پر پہلی بار پریڈ میں شریک ہوئیں۔ شہزادی آسطوریا نے فضائیہ کے تربیتی ادارے کے یونیفارم میں شرکت کی، جبکہ ملکہ لیتیثیا نے سبز رنگ کا لباس زیبِ تن کیا۔

اس سال کی پریڈ میں مسلح افواج، پولیس، سول گارڈ اور دیگر ریاستی اداروں کے مجموعی طور پر 3,847 اہلکاروں نے حصہ لیا، جن میں 524 خواتین شامل تھیں۔ اس کے علاوہ 229 گھوڑے، 6 کتے، 123 گاڑیاں، 39 موٹر سائیکلیں، 45 طیارے اور 19 ہیلی کاپٹر شامل تھے۔ پہلی مرتبہ “پترولیا ایگیلا” کی جگہ “فارماسیون میرلو” نے فضا میں اسپین کے سرخ و زرد رنگ بکھیرے۔

تقریب کا سب سے پر وقار لمحہ “شہداء وطن” کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کا تھا، جہاں شاہ فلیپ ششم اور شہزادی آسطوریا نے قومی پرچم کے سامنے سلامی دی اور لا ریال گواردیا کے ارکان نے یادگارِ شہداء پر گلپوشی کی۔

وزیرِ دفاع مارگریتا روبلس نے تقریب سے قبل بیرونِ ملک تعینات اسپینی افواج سے ویڈیو لنک پر گفتگو کی اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ “آپ اسپین کو عظیم بناتے ہیں، اور آج کا دن ہماری قومی پرچم کی شان بلند کرنے کا دن ہے۔”

سیاسی سطح پر تین وزراء نے تقریب میں شرکت نہیں کی، جن میں وزیرِ صحت مونیکا گارسیا، وزیرِ مساوات آنا ریدوندو اور وزیرِ اطفال و نوجوانان سیرا ریگو شامل تھیں۔ والینسیا کے صدر کارلوس مازون بھی موسمی خطرات کے باعث غیر حاضر رہے۔

پریڈ کے اختتام پر شاہی خاندان نے حسبِ روایت شاہی محل میں ہونے والی استقبالیہ تقریب میں شرکت کی، جہاں سماجی اور عسکری شخصیات کو مدعو کیا گیا۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے