بارسلونا،قالینوں کی مشہور دکان ’’لیدو ماس‘‘ سال کے آخر میں بند ہو جائے گی

IMG_1694

بارسلونا (دوست نیوز)پانچ نسلوں سے شہر کے گھروں کی زینت بڑھانے والی قالینوں اور کپڑوں کی مشہور دکان لیدو ماس (Lledó Mas) اب اپنی سرگرمیاں ختم کر رہی ہے۔ یہ تاریخی کاروبار، جو 1907 میں قائم ہوا تھا، 31 دسمبر 2025 کو ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا۔

دکان کے بند ہونے کی وجہ دیگر پرانی تجارتوں کی طرح خاندانی جانشینی کی کمی اور آن لائن خریداری کے بڑھتے رجحان کو قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ کاروبار جوزپ لیدو ماس نے 1907 میں شروع کیا تھا۔ ابتدا میں قالینوں کی تیاری اور فروخت کریویلینت (صوبہ الی کانتے) میں کی جاتی تھی، جہاں 200 سے زائد کارکن کام کرتے تھے، اور مصنوعات پورے اسپین کے علاوہ بیرون ملک بھی فروخت کی جاتی تھیں۔

گزشتہ ایک صدی کے دوران یہ کاروبار پانچ نسلوں تک چلا اور وقت کے ساتھ مختلف مقامات پر منتقل ہوتا رہا، جن میں بارسلونا کا مشہور پیتریچول گلی (باری گوتھک) بھی شامل ہے۔

موجودہ شاخ پلازا اُرکیناونا میں 1940 میں کھولی گئی تھی اور تب سے یہ جگہ شہر کے اُن گاہکوں کے لیے شناخت بن گئی جو اعلیٰ معیار اور ذاتی مشورے کے ساتھ قالین خریدنا چاہتے تھے۔

1990 کی دہائی کے آغاز میں اصل فیکٹری بند کر دی گئی، اور موجودہ مالکان مرسے گییو لیدو اور فیلیپ یوساس نے کاروبار کو بھارت اور پاکستان سے قالینوں کی درآمد کی طرف منتقل کر دیا۔

دکان میں مختلف ذوق اور بجٹ کے مطابق قالین، قدرتی ریشوں کی چٹائیاں، اور موکٹ کے فرش دستیاب تھے۔ اس کے ساتھ ساتھ صفائی، مرمت اور تنصیب کی خدمات بھی فراہم کی جاتی تھیں، جن میں مشہور پالاؤ دے لا موسیکا جیسے مقامات بھی شامل تھے۔

تاہم جدید خریداروں کے آن لائن خریداری کے رجحان نے دکان کے مستقبل کو متاثر کیا، اور آخرکار مالکان نے اس تاریخی کاروبار کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

گزشتہ برس 111 سال پرانی ایک اور مشہور دکان ترکستان نے بھی اپنے دروازے بند کیے تھے۔ اب بارسلونا ایک اور 118 سال پرانے تجارتی ورثے سے محروم ہونے جا رہا ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے