بارسلونا ایئرپورٹ پر ستمبر میں 52 لاکھ مسافروں کی آمد،نیا ریکارڈ بن گیا

جنوری سے ستمبر تک مجموعی طور پر 4 کروڑ 40 لاکھ مسافر، گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.1 فیصد اضافہ
بارسلونا (دوست نیوز)جوزپ تارادیاس بارسلونا ایل پرات ایئرپورٹ نے ستمبر 2025 میں 52 لاکھ 79 ہزار 3 مسافروں کی میزبانی کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 4.3 فیصد زیادہ ہے۔ اسپین کے ہوائی اڈوں کے منتظم ادارے ایینا (AENA) کے مطابق یہ تسلسل ریکارڈ توڑ ماہانہ رجحان کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔
رواں سال کے ابتدائی نو مہینوں (جنوری تا ستمبر) میں ایئرپورٹ سے 4 کروڑ 36 لاکھ 75 ہزار 764 مسافر گزرے، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 4.1 فیصد زیادہ ہیں۔ یہ تعداد اب تک کے تمام سالوں میں سب سے زیادہ ہے، حالانکہ 2024 پہلے ہی ایئرپورٹ کی تاریخ کا بہترین سال قرار پایا تھا۔
ستمبر میں بین الاقوامی پروازوں پر 40 لاکھ 25 ہزار 821 مسافر سفر کر گئے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 6.3 فیصد زیادہ ہیں، جبکہ 12 لاکھ 46 ہزار 327 افراد نے اندرونِ ملک پروازیں کیں، جن میں 1.7 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایئرپورٹ پر ستمبر کے دوران 32 ہزار 402 پروازیں ہوئیں، جو 2024 کے مقابلے میں 2.3 فیصد اضافہ ہے اور ستمبر کے مہینے کے لیے نیا ریکارڈ ثابت ہوا۔ سال کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر 2 لاکھ 73 ہزار 451 پروازیں ہو چکی ہیں، جو ایک نیا سنگِ میل ہے۔
اگست میں بارسلونا ایئرپورٹ نے 56 لاکھ مسافروں کے ساتھ اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ریکارڈ قائم کیا تھا۔
دوسری جانب، جیرونا-کوستا براوا ایئرپورٹ سے جنوری تا ستمبر 18 لاکھ 75 ہزار مسافر گزرے، جن میں سے 2 لاکھ 99 ہزار 797 صرف ستمبر میں سفر کر کے گئے۔
ریئوس ایئرپورٹ نے اسی عرصے میں 11 لاکھ 84 ہزار 990 مسافروں کی میزبانی کی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 12.9 فیصد زیادہ ہے۔ ستمبر میں ریئوس سے 2 لاکھ 7 ہزار 811 افراد نے سفر کیا، جو 15.7 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔