اسپین،فلسطین کے حق میں 15 اکتوبر کو ملک گیر احتجاج، ہڑتال کے اوقات اور اثرات

اسپین (دوست مانیٹرنگ ڈیسک) 15 اکتوبر کو اسپین بھر میں فلسطینی عوام کے حق میں اور غزہ میں “نسل کشی” کے خلاف ایک ملک گیر ہڑتال اور طلبہ کی ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس احتجاجی مہم کو مختلف یونینز اور پروفلسطینی تنظیمیں چلا رہی ہیں، جس میں مظاہرے، 24 گھنٹے کی مکمل ہڑتال اور کچھ علاقوں میں جزوی ہڑتالیں شامل ہیں۔
تنظیموں کے مطابق یہ دن عالمی برادری کی غزہ پر حملوں میں مبینہ شرکت کو اجاگر کرنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔ یہ ہڑتال اسرائیل اور حماس کے درمیان ڈونلڈ ٹرمپ کے زیرِ نگرانی امن منصوبے کے پہلے مرحلے کے اعلان کے بعد آرہی ہے، تاہم منتظمین نے کام اور تعلیمی سرگرمیاں روکنے کا مطالبہ برقرار رکھا ہے تاکہ “قتل عام ختم کیا جائے اور اسرائیل کے ساتھ تعلقات ختم ہوں”۔
یہ ہڑتال کنفیڈریشن جنرل دی تراباجو (CGT)، سولداریدید اوبررا، آلترنیتیوا سندیکال دی کلاسے (ASC) اور کنفیڈریشن انتر سندیکال نے ریکارڈ کروائی ہے۔ دیگر شرکاء میں “Madrid por Palestina”، “Asociación Hispano-Palestina” اور ‘BDS’ موومنٹ شامل ہیں۔
میڈرڈ میں فلسطینی عوام کے حق میں 15 اکتوبر کو شام 7 بجے آتوچا سے کالاؤ تک مظاہرہ بھی ہوگا۔
UGT اور CCOO 24 گھنٹے کی ہڑتال میں شامل نہیں ہو رہے، لیکن دو گھنٹے کے جزوی ہڑتالیں اور دفاتر میں علامتی احتجاج کر رہے ہیں۔ جزوی ہڑتال کے اوقات صبح 10 سے 12، شام 5 سے 7 اور رات کے 2 سے 4 بجے ہیں۔
طلبہ یونین نے تمام اسکولوں اور یونیورسٹیوں میں 24 گھنٹے کی ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ وہ صبح 12 بجے ملک کی 40 سے زائد شہروں میں مظاہرے بھی کرے گی، جس میں میڈرڈ میں آتوچا سے سول تک بڑی ریلی شامل ہے۔
میڈرڈ میں دو مظاہرے ہوں گے: صبح 12 بجے اور شام 7 بجے۔ دیگر شہروں میں بارسلونا، ویلنشیا، سیویلا، بلباؤ اور مالاگا میں بھی مظاہرے متوقع ہیں۔
اہم سروسز متاثر ہونے کی توقع نہیں ہے، تاہم ٹرانسپورٹ میں تاخیر، اسکولوں میں رکاوٹ اور ٹریفک میں عارضی مشکلات ممکن ہیں۔ ایندھن اور گیس کی فراہمی برقرار رہے گی۔ چھوٹے کاروبار، دفاتر یا دکانیں متاثر ہو سکتی ہیں۔
ریئل دی کریتو لا 17/1977 کے مطابق کارکن بغیر اطلاع کے ہڑتال میں شامل ہو سکتے ہیں، لیکن وہ دن اجرت کے بغیر شمار ہوگا۔ تعلیمی ادارے طلبہ کو عدم حاضری پر سزا نہیں دے سکتے اگر شرکت کی اطلاع دی گئی ہو۔ منتظمین نے پرامن احتجاج اور مقامی حکام کے ساتھ تعاون کا بھی عندیہ دیا ہے۔