سانچیز کی یورپی رہنماؤں سے ملاقات: یورپی بجٹ اور غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

میڈرڈ (دوست مانیٹرنگ ڈیسک)سلووینیا کے شہر پورٹوروز میں پیر کے روز اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز یورپی یونین کے بحیرہ روم سے متصل ممالک (MED9) کے رہنماؤں کی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس کا مقصد یورپی بجٹ، مسابقت، اور خطے کی معیشت سے متعلق پالیسیوں پر مشترکہ مؤقف اختیار کرنا ہے، جب کہ غزہ میں جنگ بندی کے بعد کے حالات بھی ایجنڈے کا اہم حصہ ہوں گے۔
MED9 اجلاس میں اسپین، پرتگال، فرانس، اٹلی، یونان، مالٹا، قبرص، اسلووینیا اور کروشیا کے سربراہانِ مملکت و حکومت شریک ہوں گے۔ اس موقع پر یورپی کونسل کے صدر انتونیو کوسٹا اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسولا فان ڈیر لیین بھی موجود ہوں گی، جب کہ اردن کے بادشاہ عبداللہ دوم کو دوپہر کے کھانے میں بطورِ مہمان خصوصی مدعو کیا گیا ہے۔
یہ اجلاس جمعرات اور جمعے کو برسلز میں ہونے والی یورپی یونین کے غیر رسمی رہنماؤں کی میٹنگ سے قبل منعقد ہو رہا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں بنیادی توجہ یورپی یونین کے نئے مالیاتی فریم ورک، مسابقت میں بہتری، اور کاربن کے اخراج میں کمی جیسے اقتصادی موضوعات پر مرکوز ہوگی۔ امکان ہے کہ رہنما ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات پر بھی غور کریں گے۔