بارسلونا میں جرائم میں کمی، مگر منشیات کی اسمگلنگ اور جنسی زیادتیوں میں اضافہ
Screenshot
بارسلونا(دوست مانیٹرنگ ڈیسک)وزارتِ داخلہ کی جاری کردہ تازہ رپورٹ کے مطابق بارسلونا میں رواں سال کے ابتدائی تین سہ ماہیوں میں مجموعی جرائم کی شرح گزشتہ سال 2024 کے اسی عرصے کے مقابلے میں کم ہوئی ہے، تاہم منشیات سے متعلق جرائم میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق منشیات کے کاروبار سے جڑے مقدمات میں 31.6 فیصد اضافہ ہوا، جو 1,855 تک جا پہنچے، یعنی پچھلے سال کے مقابلے میں 445 زیادہ۔ اسی طرح، جنسی زیادتی (دست درازی کے ساتھ) کے واقعات میں بھی 8.2 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ 2024 میں ان کی تعداد 331 تھی جو 2025 میں بڑھ کر 358 ہوگئی۔
چوری اور ڈکیتی کے واقعات کم
رپورٹ میں بتایا گیا کہ چوری سے متعلق جرائم میں کمی آئی ہے۔ بارسلونا میں ہَرتھ کے واقعات 2.5 فیصد کم ہوکر 60,356 سے 58,834 رہ گئے۔
اسی طرح زور زبردستی سے کی جانے والی چوریوں میں 23.8 فیصد کمی ہوئی، جبکہ گاڑیوں سے چوری کے واقعات 5.7 فیصد کم ریکارڈ کیے گئے۔
کاتالونیا بھر میں بھی زیادتیوں میں اضافہ
پوری کاتالونیا میں ریپ کے واقعات 8.8 فیصد بڑھ کر 1,394 ہو گئے ہیں، جبکہ دیگر جنسی جرائم بھی 8 فیصد کے اضافے کے ساتھ 2,184 تک پہنچ گئے ہیں۔
منشیات سے متعلق جرائم میں 13 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، حالانکہ مجموعی جرائم کی شرح 2.8 فیصد کم ہوئی ہے اور یہ تعداد 386,319 سے کم ہو کر 375,413 رہ گئی۔
قتل و غارت میں نمایاں کمی
وزارت کے مطابق رواں سال کے پہلے نو ماہ میں قتل اور اقدامِ قتل کے واقعات میں 25.4 فیصد کمی آئی ہے، جو 59 سے کم ہو کر 44 رہ گئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مجموعی طور پر جرائم میں کمی ضرور ہوئی ہے لیکن منشیات اور جنسی جرائم میں اضافہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے لیے تشویش کا باعث ہے۔