بارسلونا: منشیات کی سمگلنگ اور پرتشدد چوریوں کے شبہے میں 15 افراد گرفتار
Screenshot
بارسلونا میں منگل، 2 دسمبر کو پولیس نے ایک بڑے پیمانے پر آپریشن کے دوران منشیات کی سمگلنگ میں ملوث مبینہ تنظیم کے خلاف کارروائی کی۔ اس آپریشن میں موسوس دی اسکوادرا اور نیشنل پولیس کے 300 سے زائد اہلکار شریک ہوئے۔
آپریشن ایک ساتھ بارسلونا اور تاراگونا کی مختلف جگہوں پر کیا گیا، جس میں ڈومینیکن نژاد خطرناک گروہ “لاس ٹرینیٹاریوس” کے 15 افراد کو گرفتار کیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق، 20 سے زائد گھروں اور کاروباری مقامات کی تلاشی لی گئی، جہاں سے اسلحہ، چاقو، نقد رقم، کمپیوٹر اور موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
یہ آپریشن ریجن میٹروپولیٹن سور کی کرائم انویسٹیگیشن ڈویژن (DIC) کی قیادت میں ہوا اور اس میں اسپیشل انٹروینشن گروپ (GEI)، برمو، کتوں کی یونٹ، ڈرون، اور سائنسی پولیس کی ٹیمیں بھی شامل تھیں۔ دونوں اداروں کے لیے ایک مشترکہ کمانڈ سینٹر قائم کیا گیا۔
تفتیش ابھی جاری ہے اور اس کا مقصد منشیات کی سمگلنگ اور پرتشدد چوریوں میں گروہ کی مکمل طور پر شمولیت کو بے نقاب کرنا ہے۔