بارسلونا ایئرپورٹ پر غیر قانونی ٹیکسیوں کے خلاف بڑا کریک ڈاؤن
Screenshot
گیارہ ڈرائیوروں کی شناخت، پانچ غیر قانونی حیثیت میں کام کرتے پائے گئے
بارسلونا ایئرپورٹ پر کاتالان پولیس نے محکمہ محنت اور نیشنل پولیس کے تعاون سے غیر قانونی ٹیکسی سروسز کے خلاف مشترکہ کارروائی کی۔ اس آپریشن کے دوران گیارہ ڈرائیوروں کی شناخت کی گئی، جن میں سے پانچ بغیر اجازت مسافروں کو لے جا رہے تھے۔
پولیس نے ایک ڈرائیور کے خلاف باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ اس کی گاڑی کو ضبط کر لیا گیا۔ یہ کارروائی جمعہ انیس دسمبر کو عمل میں لائی گئی۔
نیشنل پولیس نے غیر ملکی قوانین کی خلاف ورزی پر پانچ مقدمات درج کیے، جبکہ محکمہ محنت نے لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر سات کارروائیاں شروع کیں۔
ٹیکسی یونین ایلیٹ ٹیکسی کے مطابق اس کارروائی میں ایسے نیٹ ورکس بھی بے نقاب ہوئے جو کمزور افراد کو غیر قانونی طور پر کام پر لگا کر ان کا استحصال کرتے ہیں۔ ان افراد سے طویل اوقات کار، کم اجرت اور بغیر معاہدے کے کام لیا جا رہا تھا۔
یونین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف غیر قانونی ٹرانسپورٹ کے خلاف ہیں بلکہ انسانی استحصال کے خاتمے کے لیے بھی انتہائی ضروری ہیں