اسپین میں ماہانہ 60 یورو کا قومی پبلک ٹرانسپورٹ ٹکٹ کب مارکیٹ میں دستیاب ہونگے؟
Screenshot
میڈرڈ: اسپین کے وزیرِاعظم پیدرو سانچیز نے اعلان کیا ہے کہ حکومت جنوری کے وسط سے 60 یورو کا ماہانہ پبلک ٹرانسپورٹ ٹکٹ متعارف کرائے گی، جو ملک بھر میں بسوں، رودالیئس (کمیوٹر ٹرینیں) اور درمیانے فاصلے کی ریل گاڑیوں پر قابلِ استعمال ہوگا۔
یہ ٹکٹ 15 جنوری سے نافذ العمل ہوگا۔ 26 سال سے کم عمر افراد کے لیے اس کی قیمت 30 یورو مقرر کی گئی ہے۔ وزیرِاعظم نے پیر کو وزیراعظم ہاؤس میں سال کے اختتامی پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ اس اقدام سے عوامی نقل و حمل کو سمجھنے اور استعمال کرنے کا طریقہ بنیادی طور پر بدل جائے گا۔

حکومت کے مطابق یہ فیصلہ سال کی آخری کابینہ میٹنگ میں منظور کیا جائے گا، جبکہ موجودہ ٹرانسپورٹ پاسز پر دی جانے والی مالی معاونت بھی برقرار رکھی جائے گی۔
سانچیز نے بتایا کہ جنوری کے وسط سے یہ ٹکٹ مذکورہ تمام پبلک ٹرانسپورٹ نیٹ ورکس کے لیے دستیاب ہوگا، اور مستقبل میں مزید علاقائی اور مقامی نیٹ ورکس کو بھی اس میں شامل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
ٹکٹ حاصل کرنے کے لیے شہری موجودہ طریقہ کار کے تحت آن لائن یا ٹرانسپورٹ اسٹیشنز سے رجوع کر سکیں گے۔ 26 سال سے کم عمر افراد کو 50 فیصد رعایت کے لیے وزارتِ ٹرانسپورٹ کی ویب سائٹ پر رجسٹریشن کر کے ایک کوڈ حاصل کرنا ہوگا۔
بارسلونا میں میٹروپولیٹن ٹرانسپورٹ اتھارٹی (ATM) کے ٹکٹس پہلے ہی بس، میٹرو، رودالیئس، ایف جی سی اور ٹرام کو یکجا کرتے ہیں، تاہم ان سے رینفے کی درمیانے فاصلے یا تیز رفتار ٹرینوں پر سفر کی اجازت نہیں ہوتی، اور نہ ہی یہ طویل فاصلے کی بس سروسز میں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق نیا قومی ٹکٹ کاتالونیا کی مختلف ATM نیٹ ورکس کے ساتھ ہم آہنگ ہوگا۔ کاتالان حکومت 2026 کے دوسرے نصف میں دونوں نظاموں کی مکمل مطابقت پر کام کر رہی ہے، تاکہ مسافر ایک ہی کارڈ کے ذریعے مختلف ٹرینوں اور بسوں میں سفر کر سکیں، جیسا کہ اس وقت ٹی موبیلیت سسٹم کے تحت ممکن ہے۔
واضح رہے کہ تقریباً ایک سال قبل وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکار پوئنتے نے مختلف ٹرانسپورٹ ذرائع کو ایک ہی نظام میں شامل کرنے کے منصوبے کا اعلان کیا تھا۔