ڈی جی ٹی کی برف باری کے پیش نظر احتیاط کی اپیل: سفر کی پیشگی منصوبہ بندی اور سڑکوں کی صورتحال جانچنے کی ہدایت
Screenshot
ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریفک (DGT) نے آئندہ گھنٹوں میں متوقع برف باری کے باعث ڈرائیوروں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ بعض علاقوں میں پانچ سے دس سینٹی میٹر تک برف جمع ہونے کا امکان ہے جبکہ قطبی ہواؤں کی آمد سے برف باری کی حد 500 میٹر تک گر سکتی ہے۔
ایک اٹلانٹک محاذ کی آمد کے باعث ہفتے کی شام اور اتوار کے دوران جزیرہ نما اسپین کے مختلف حصوں میں بارش اور درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے، جس کے نتیجے میں برف باری ہو سکتی ہے۔ یہ صورتحال کرسمس کی تعطیلات کے آغاز پر ہونے والی بڑی تعداد میں سفری نقل و حرکت کے پیش نظر ڈرائیوروں کے لیے مزید احتیاط کی متقاضی ہے۔
ڈی جی ٹی نے ایک بیان میں زور دیا ہے کہ مسافر اپنے سفر کی منصوبہ بندی پہلے سے کریں، موسمی پیش گوئی کا جائزہ لیں اور سڑکوں کی تازہ صورتحال سے باخبر رہیں، کیونکہ کئی علاقوں میں برف باری آمدورفت کو متاثر کر سکتی ہے۔
ہفتے کے روز موسم متغیر رہنے کی توقع ہے اور پہاڑی علاقوں میں بالخصوص شام کے وقت ایک ہزار میٹر کی بلندی سے برف باری ہو سکتی ہے، جہاں پانچ سے دس سینٹی میٹر تک برف جمع ہونے کا امکان ہے، جبکہ بعض نچلے علاقوں میں بھی برف کے گالے دیکھے جا سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات (AEMET) کے مطابق برف باری کا آغاز ہفتے کے روز لوگو، اورینسے اور لیون کے کانتابرین پہاڑی سلسلے میں ہو سکتا ہے، تاہم سب سے زیادہ خراب صورتحال اتوار کے روز متوقع ہے۔ متاثرہ صوبوں میں لوگو، لیون، پالینسیا، برگوس، سوریا، سیگوویا، آویلا، سلامانکا، لا ریوجا، ناوارا، زاراگوزا، اویسکا، کوئنکا، گوادالاخارا، غرناطہ اور سیرا دی میڈرڈ شامل ہیں۔
ادھر صوبہ بارسلونا میں شدید بارش کے پیش نظر پروٹیکشن سیول نے بادالونا شہر اور ویایس اورینتال، مارسمے اور بارسلونیس کے مختلف علاقوں میں موبائل فونز پر ایمرجنسی الرٹ (Es Alert) جاری کیا ہے۔
ڈی جی ٹی نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور برف باری نہ صرف مقامی اور علاقائی سڑکوں بلکہ بڑی شاہراہوں اور موٹرویز کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ ان ممکنہ طور پر متاثرہ سڑکوں میں A-66/AP-66 (آسٹوریاس اور لیون)، A-67 (پالینسیا-کانتابریا)، A-6/AP-6 (میڈرڈ-لیون)، AP-51 (آویلا)، AP-61 (سیگوویا)، A-1 (میڈرڈ-برگوس)، A-2 (میڈرڈ-سوریا)، A-52 (بیناوینتے-اورینسے) اور A-23 (اویسکا-خاکا) شامل ہیں۔
ٹریفک حکام نے ان سڑکوں پر سفر کرنے والوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ روانگی سے قبل سڑکوں کی صورتحال ضرور جانچیں اور سردیوں کے ٹائر، آل سیزن ٹائر یا برف کی زنجیریں ساتھ رکھیں۔
ڈی جی ٹی کے مطابق اگر برف باری سے آمدورفت متاثر ہوئی تو ٹریفک کی روانی اور سڑکوں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے مختلف اقدامات کیے جا سکتے ہیں، جن میں بھاری گاڑیوں یا مناسب ٹائروں کے بغیر گاڑیوں پر پابندی، رفتار کی حد میں کمی، اوورٹیکنگ پر پابندی، احتیاطی طور پر مکمل بندش یا متبادل راستوں پر لازمی انحراف شامل ہے۔
ٹریفک انتظامیہ نے 32 خودکار اور نگرانی شدہ متبادل راستے بھی تیار رکھے ہیں تاکہ ٹرکوں کو عارضی طور پر روکا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ڈرائیوروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بائیں لین کو برف صاف کرنے والی گاڑیوں کے لیے خالی رکھیں، برقی معلوماتی بورڈز اور ٹریفک اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں، اضافی احتیاط برتیں، مناسب سامان ساتھ رکھیں اور برف کی مختلف حالتوں اور ان کے مطابق ڈرائیونگ کے اصولوں سے آگاہ رہیں۔