گوادر میں موسلادھار بارش سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، ڈپٹی کمشنر
ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگزیب بادینی نے کہا کہ گوادر میں موسلادھار بارش سے بڑے پیمانے پر نقصانات ہوئے ہیں، 7 مکانات مکمل طور پر گر گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں گھر وں کو جزوی نقصانات پہنچا ہے۔ جبکہ ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہاں زیب خان کا کہنا ہے کہ ریسکیو کے کاموں میں حصہ لینے کیلئے پی ڈی ایم اے کی دو ٹیمیں کوئٹہ سے گوادر روانہ کردی ہیں۔
جیو نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر گوادر اورنگ زیب بادینی کا کہنا تھا کہ گوادر میں موسلادھار بارش ابھی کچھ دیر سے رکی ہوئی ہے، بارش سے گوادر کے بیشتر علاقون میں پانی جمع ہوگیا ہے جس سے اندرونی شاہراہیں متاثر ہوئی ہیں۔
اورنگ زیب بادینی نے بتایا کہ گوادر میں 7 گھر مکمل طور پر گر گئے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں گھر وں کو جزوی نقصان پہنچا ہے، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، وہ مکانات جن کے گرنے کا خطرہ تھا ان کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
ڈی سی گوادر نے بتایا کہ گوادر کا تربت اور کراچی سے رابطہ بحال ہے۔
دوسری جانب ڈی جی پی ڈی ایم اے بلوچستان جہاں زیب خان نے بتایا کہ گوادر میں موسم کی صورتحال کے حوالے سے ڈی سی گوادر سے رابطے میں ہوں، پی ڈی ایم اے کی دو ٹیمیں گوادر روانہ کردی ہیں، ٹیموں کے ساتھ پانی نکالنے والے پمپس، آلات اور بوٹ بھجوائی گئی ہیں ہے، اگر ڈی سی گوادر نے خیموں اور دیگر اشیا کی ڈیمانڈ کی تو فوراً بھجوادیں گے۔