لیلیدا میں برڈ فلو کی تصدیق، 2 لاکھ 30 ہزار مرغیاں تلف کرنے کا فیصلہ

mi

لیلیدا(دوست نیوز)مغربی کاتالونیا کے علاقے لیلیدا میں برڈ فلو کے پھیلاؤ کی تصدیق کے بعد محکمۂ زراعت نے ہنگامی صحت الرٹ نافذ کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی متاثرہ فارم کے گرد 10 کلومیٹر کے دائرے میں سخت پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔

کاتالونیا کے وزیرِ زراعت اوسکر اوردیگ کے مطابق یہ بیماری نہایت متعدی اور جان لیوا ہے، اس لیے قانون کے تحت متاثرہ جانوروں کو تلف کرنا لازمی ہے۔ ان کے مطابق پابندی والے علاقے میں فارموں سے جانوروں کی نقل و حرکت پر مکمل پابندی ہو گی۔

مثبت کیس اورجل کاؤنٹی کے ایک پولٹری فارم میں سامنے آیا ہے جہاں تقریباً 2 لاکھ 30 ہزار انڈے دینے والی مرغیاں موجود ہیں۔ تمام مرغیوں کو تلف کیا جائے گا تاکہ بیماری کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

حکام کے مطابق تین کلومیٹر کے دائرے میں نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، تاہم ایک کلومیٹر کے اندر کوئی دوسرا فارم موجود نہیں، جس سے وبا کو قابو میں رکھنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔

واضح رہے کہ کاتالونیا میں برڈ فلو کا آخری کیس دو سال قبل لیس گاریگس کے علاقے آربیکا میں رپورٹ ہوا تھا۔

پریس کانفرنس میں وزیرِ زراعت نے عوام کو یقین دلایا کہ برڈ فلو سے متاثرہ مرغی کا گوشت یا انڈے استعمال کرنے سے انسانوں کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہوتا۔

دوسری جانب پولٹری سیکٹر نے خبردار کیا ہے کہ اس وبا کے باعث مارکیٹ میں انڈوں اور دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں دوبارہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ 

کسانوں کی تنظیم یونیو دے پاجیوس کے رکن جورڈی آرمینگل کے مطابق متاثرہ فارموں میں جانوروں کی تلفی سے رسد میں کمی یا تعطل پیدا ہو سکتا ہے، جس کا براہِ راست اثر قیمتوں پر پڑے گا۔

تاہم زرعی شعبے کے نمائندوں کا کہنا ہے کہ یہ بحران کاتالونیا کی زراعت کے لیے افریقی سوائن فیور جیسا سنگین خطرہ ثابت نہیں ہو گا، کیونکہ پولٹری سیکٹر میں برآمدات اس حد تک اہم نہیں ہیں۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے