مخصوص نشستیں غیر آئینی طور پر مینڈیٹ چوروں میں بانٹنے کا ناقابلِ قبول منصوبہ بنایا جارہا ہے، پی ٹی آئی
تحریک انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ مخصوص نشستیں غیر آئینی طور پر مینڈیٹ چوروں میں بانٹنے کا ناقابلِ قبول منصوبہ بنایا جارہا ہے۔
ترجمان نے کہا ہے کہ دستور کا آرٹیکل 51 مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بنیادی اصول نہایت صراحت سے بیان کرتاہے، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں کو جنرل سیٹوں کے تناسب سے ہی تقسیم ہونا ہے۔
ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ سنّی اتحاد کونسل مرکز، پنجاب اور کے پی میں سب سے زیادہ نشستیں رکھنے والی پارلیمانی جماعت ہے، مخصوص نشستوں کی فراہمی میں لیت و لعل اکثریت کو غیر قانونی طور پر جبراً اقلیت میں بدلنے کے غیر آئینی منصوبے کا حصہ ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کو غیر آئینی عزائم کا اسیر بنا کر عوام کے مینڈیٹ کو پامال کرنے کی اجازت ہرگز نہیں دیں گے، مخصوص نشستوں کی غیر آئینی بندر بانٹ کی بھرپور مزاحمت کریں گے۔