بادیا دل بایس میں نیا یونیورسٹی ڈسٹرکٹ، طلبہ کے لیے رہائشی عمارت قائم کی جائے گی
Screenshot
بادیا دل بایس میں ستمبر 2028 سے طلبہ کے لیے 319 نشستوں پر مشتمل ایک رہائشی عمارت قائم کی جائے گی۔ یہ منصوبہ شہر کے مغربی حصے میں شروع کی جانے والی اس شہری تبدیلی کا حصہ ہے جس کے تحت 11 ہیکٹر رقبے پر نیا محلہ، رہائش، تجارتی سرگرمیاں اور مختلف سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
مستقبل کی اس رہائشی عمارت میں مشترکہ سہولیات بھی شامل ہوں گی جن میں سنیما، جم، سوئمنگ پول، تقریباً 110 گاڑیوں کی پارکنگ اور ایک تجارتی یونٹ شامل ہے۔
شہر کے میئر جوزپ مارتینیز ویلینسیا نے جمعرات کے روز Entrerivery اور Catella Asset Management کے نمائندوں کے ہمراہ منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔ ان کے مطابق یہ منصوبہ بادیا دل بایس کی شہری توسیع میں ایک اور اہم قدم ہے۔
میئر کا کہنا تھا کہ “آج سے بادیا ایک یونیورسٹی ڈسٹرکٹ بن چکا ہے۔ ہم معاشی طور پر ترقی کر رہے ہیں، نہ صرف روزگار کے مواقع کے لیے بلکہ مقامی تجارت کے فروغ کے لیے بھی۔ یہ شہر کے مستقبل پر واضح سرمایہ کاری ہے۔”
انہوں نے مزید کہا کہ سینکڑوں طلبہ کی آمد سے مقامی معیشت میں مسلسل کھپت بڑھے گی، جس سے کاروباری سرگرمیوں میں تنوع آئے گا اور مقامی سطح پر روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
میئر مارتینیز کے مطابق طلبہ کی رہائش گاہ “محض ایک شہری منصوبہ یا رئیل اسٹیٹ کی سرمایہ کاری نہیں” بلکہ بادیا دل بایس کی سماجی ساخت میں ایک بنیادی تبدیلی کی علامت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ “یہ شہر اب صرف سونے کے لیے نہیں بلکہ جینے کے لیے ہے، جو نوجوانوں، طلبہ، محققین اور تعلیمی سرگرمیوں کو اپنی طرف متوجہ کرے گا۔”
بارسلونا میں رواں تعلیمی سال کے آغاز پر طلبہ کی رہائش گاہوں کی شدید کمی سامنے آئی، جہاں طلبہ کی تعداد دستیاب رہائشی سہولتوں سے پانچ گنا زیادہ رہی۔
Aparto کے اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 85 ہزار طلبہ نے رہائش کی تلاش کی، جبکہ دستیاب بستروں کی تعداد صرف 15 ہزار تھی، یوں 70 ہزار سے زائد نشستوں کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
اسی صورتحال کے پیش نظر بارسلونا کے میٹروپولیٹن علاقے کے کئی شہروں نے طلبہ کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کرنے کے لیے منصوبے شروع کیے ہیں۔ بادیا دل بایس کے علاوہ سردانیولا دل بایس اور اوہسپیتالیت دے یوبریگات نے بھی اپنی پیشکش میں اضافہ کیا ہے۔