ایف سی بارسلونا نے ریال میڈرڈ کو شکست دے کر ہسپانوی سپر کپ جیت لیا
کاتالان کلب نے سنسنی خیز ایل کلاسیکو میں 3-2 سے فتح حاصل کی، رافینہ نے دو جبکہ لیواندووسکی نے ایک گول کیا۔
ایف سی بارسلونا نے اتوار کی شب سعودی عرب کے شہر جدہ میں کنگ عبداللہ اسپورٹس سٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ریال میڈرڈ کو 2-3 سے شکست دے کر ہسپانوی سپر کپ اپنے نام کر لیا۔
اس کامیابی کے ساتھ بارسلونا ٹرافی دو مسلسل سیزنز میں جیتنے والی تاریخ کی پہلی ٹیم بن گئی، اور ساتھ ہی ریال میڈرڈ کو تین فائنلز میں لگاتار شکست دینے کا منفرد اعزاز بھی حاصل کر لیا۔
میچ کا آغاز خاصا سست رہا، پہلے ہاف میں ریال میڈرڈ نے دفاعی حکمت عملی اپنائے رکھی اور واضح مواقع کم ہی بنے۔ تاہم پہلے ہاف کے اختتام سے قبل مقابلہ یکدم جان پکڑ گیا۔
36ویں منٹ میں رافینہ نے شاندار شاٹ کے ذریعے بارسلونا کو برتری دلائی۔ اضافی وقت کے دوسرے منٹ میں وینیسیئس جونیئر نے خوبصورت گول کر کے اسکور برابر کر دیا، مگر صرف دو منٹ بعد رابرٹ لیوانڈووسکی نے ایک بار پھر بارسلونا کو آگے کر دیا۔
اسی دوران گونزالو نے ریال میڈرڈ کے لیے گول کر کے اسکور 2-2 کر دیا۔ یوں پہلے ہاف کے آخری چھ منٹ میں تین گول ہوئے۔
دوسرا ہاف بھی اسی انداز میں کھیلا گیا۔ ریال میڈرڈ دفاع میں منظم رہا جبکہ بارسلونا نے گیند پر مکمل کنٹرول رکھا اور تقریباً 80 فیصد پوزیشن اپنے پاس رکھی۔
فیصلہ کن گول 73ویں منٹ میں ایک بار پھر رافینہ نے کیا، جو پورے سپر کپ میں نمایاں کھلاڑی ثابت ہوئے۔ برازیلین ونگر نے سیمی فائنل میں دو اور فائنل میں بھی دو گول اسکور کیے۔
بعد ازاں کیلیان ایمباپے کو میدان میں اتارا گیا، جو انجری سے صحت یاب ہو کر سیمی فائنل مس کرنے کے بعد فائنل کے لیے جدہ پہنچے تھے۔ ان کی آمد سے ریال میڈرڈ کے حملوں میں جان تو آئی، مگر آخری لمحات میں ملنے والے مواقع کے باوجود وہ گول کرنے میں ناکام رہے۔
بارسلونا کی یادگار فتح کا ایک جذباتی لمحہ اس وقت آیا جب رونالڈ آراوخو کو، جو ذہنی صحت سے متعلق وقفے کے بعد اپنا پہلا میچ کھیل رہے تھے، ٹرافی اٹھانے کا اعزاز دیا گیا۔
اگرچہ سپر کپ کو اکثر سیزن کی کم اہم ٹرافی سمجھا جاتا ہے، مگر یہ جیت نفسیاتی طور پر بڑی تقویت فراہم کرتی ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ سپر کپ جیتنے والی ٹیم اکثر لا لیگا کا ٹائٹل بھی اپنے نام کر لیتی ہے۔
سپر کپ میں گزشتہ سیزن کے لا لیگا چیمپئنز اور رنرز اپ کے ساتھ ساتھ کوپا ڈیل رے کے دونوں فائنلسٹ حصہ لیتے ہیں۔
بارسلونا نے سیمی فائنل میں ایتھلیٹک کلب کو ریکارڈ ساز 0-5 سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی تھی، اور ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سیمی فائنل کے پہلے ہاف میں چار گول کرنے والی پہلی ٹیم بنی۔
ریال میڈرڈ نے دوسرے سیمی فائنل میں شہر کے حریف اٹلیٹیکو میڈرڈ کو 1-2 سے ہرا کر فائنل کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔