کاتالونیا میں نئے سیاحتی ٹیکس کے نفاذ پر بائیں بازو کی جماعتوں کا اتفاق
Screenshot
بارسلونا(دوست نیوز)کاتالونیا کی پارلیمنٹ میں بائیں بازو کی بڑی جماعتوں، سوشلسٹس، اسکیرا ریپبلیکانا اور کومنز نے پورے کاتالونیا میں نئی سیاحتی ٹیکس کے نفاذ پر اتفاق کر لیا ہے، جو اپریل سے لاگو ہوگا۔
پارلیمنٹ میں ووٹنگ سے قبل پیش کی گئی درخواست کے مطابق، یکم اپریل سے سیاحتی ٹیکس دوگنا کر دیا جائے گا۔ اس ٹیکس سے حاصل ہونے والی آمدن کا 25 فیصد حصہ اب کاتالان حکومت کی جانب سے فروغ دی جانے والی رہائشی پالیسیوں پر خرچ کیا جائے گا، جبکہ باقی 75 فیصد سیاحت کے انتظام و انصرام کے لیے استعمال ہوگا۔
کومنز کی ترجمان جیسیکا البیاچ نے پریس کانفرنس میں کہا کہ“یہ فرمان ایک نئے طرزِ فکر کی نمائندگی کرتا ہے، کیونکہ پہلی بار سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدن صرف سیاحت کے فروغ کے لیے نہیں بلکہ براہِ راست عوامی پالیسیوں، خاص طور پر ہاؤسنگ، کے لیے استعمال کی جائے گی۔”
واضح رہے کہ ٹیکس میں یہ تبدیلی ایک سال کے بجائے دو سال کے مرحلے میں مکمل کی جائے گی، جبکہ کومنز نے ابتدا میں ایک سال کی مدت کی تجویز دی تھی۔
سیاحتی ٹیکس میں اضافے پر مذاکرات کا آغاز 2025 کے اوائل میں سوشلسٹ حکومت، بائیں بازو کی کومنز اور آزادی پسند جماعت اسکیرا ریپبلیکانا (ERC) کے درمیان ہوا تھا۔ ابتدا میں اس اضافے کو مئی 2025 میں نافذ کیا جانا تھا اور حکومت نے اسے ایک فرمان کے ذریعے منظور بھی کر لیا تھا، تاہم بعد میں حکومت نے فیصلہ کیا کہ اس اقدام کو فرمان کے بجائے باقاعدہ بل کی صورت میں پارلیمنٹ سے منظور کرایا جائے۔ اس فیصلے کے باعث ٹیکس میں اضافہ پہلے اکتوبر 2025 اور پھر اپریل 2026 تک مؤخر ہوتا رہا۔
یہ نیا ٹیکس تمام اقسام کی سیاحتی رہائش گاہوں پر لاگو ہوگا، جن میں ہوٹل، سیاحتی اپارٹمنٹس اور کروز جہاز بھی شامل ہیں۔ بارسلونا میں مجموعی طور پر یہ ٹیکس، کاتالونیا کے عمومی سیاحتی ٹیکس اور شہری سرچارج کو ملا کر، فی سیاح فی رات 15 یورو تک پہنچ سکتا ہے۔