ادموز میں دو تیز رفتار ٹرینیں پٹڑی سے اتر گئیں، کم از کم سات افراد جاں بحق، سو کے قریب زخمی، 25 کی حالت تشویشناک
Screenshot
قرطبہ(دوست نیوز)قرطبہ کے قصبے ادموز میں اتوار کی شام تیز رفتار دو ٹرینوں کے پٹڑی سے اترنے کے افسوسناک واقعے میں کم از کم سات افراد جاں بحق اور سو کے قریب مسافر زخمی ہو گئے، جن میں 25 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ حادثے کے باعث میڈرڈ اور اندلس کے درمیان ٹرین سروس معطل کر دی گئی ہے۔ یہ اطلاع ادارہ ایدیف (Adif) نے سوشل میڈیا پر دی ہے۔
ایدیف کے مطابق، مالاگا سے میڈرڈ جانے والی ایریو کمپنی کی ٹرین نمبر 6189 شام 7 بج کر 45 منٹ پر ادموز کے داخلی پوائنٹ پر پٹڑی سے اتر گئی اور ساتھ والی لائن میں جا گھسی، جہاں اسی وقت میڈرڈ سے ہوئلوہ جانے والی رینفے کی الویا ٹرین نمبر 2384 موجود تھی۔ اس کے نتیجے میں دونوں ٹرینیں پٹڑی سے اتر گئیں۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ، اوسکر پونتے نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ ٹکر اتنی شدید تھی کہ رینفے کی ٹرین کے ابتدائی دو ڈبے اچھل کر الگ جا گرے۔ اطلاعات کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں الویا ٹرین کے دو اور ایریو ٹرین کے تین مسافر شامل ہیں، جبکہ ایریو ٹرین میں مجموعی طور پر 317 مسافر سوار تھے۔
حادثے کے بعد ایریو ٹرین کے آخری تین ڈبے الٹ گئے، جہاں سے کئی زخمیوں کو نکالا گیا۔ بعض مسافر ٹرین میں پھنس گئے تھے جنہیں ہنگامی ہتھوڑوں کی مدد سے کھڑکیوں کے شیشے توڑ کر باہر نکالا گیا۔
ریلوے انفراسٹرکچر کے ادارے ایدیف نے مسافروں کے لواحقین اور معلومات کے لیے ہیلپ لائن 900101020 قائم کی ہے، جبکہ ایریو کمپنی نے متاثرین کے لیے 910150000 نمبر جاری کیا ہے۔
ایمرجنسی سروس 061 نے موقع پر بڑے پیمانے پر امدادی کارروائی شروع کی، جس میں پانچ موبائل یو وی آئی ایمبولینسز، ایک لاجسٹک سپورٹ گاڑی اور چار ہنگامی نگہداشت یونٹس شامل ہیں۔
ریلوے کے شعبے سے وابستہ ذرائع نے اس حادثے پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ مقام بالکل سیدھی پٹڑی پر واقع ہے، جہاں حادثے کا امکان کم ہوتا ہے۔ ان کے مطابق ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ سانحہ کیسے پیش آیا۔ ریلوے یونینز نے اس موقع پر مسافروں کے محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لیے مزید اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
وزیرِ ٹرانسپورٹ اوسکر پونتے نے بتایا کہ وہ ایڈیف کے کنٹرول سینٹر H24 میں موجود ہیں اور صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ادھر نائب وزیرِاعظم ماریا خیسوس مونتیرو نے بھی حادثے پر گہرے دکھ اور ہنگامی خدمات انجام دینے والے عملے سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔