بارسلونا میں ساگرادا فامیلیا کے اطراف امن و امان اور نظم و ضبط کے لیے 10 ملین یورو کی سرمایہ کاری
Screenshot
بارسلونا سٹی کونسل نے تاریخی عبادت گاہ ساگرادا فامیلیا کے گرد و نواح کو پُرسکون اور منظم بنانے کے لیے 10 ملین یورو کے ایک بڑے شہری منصوبے کا آغاز کر دیا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 30 ہزار مربع میٹر پر مشتمل علاقے کی ازسرِ نو ترتیب دی جا رہی ہے، جس کا مقصد سیاحتی ہجوم کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کو کم کرنا، فٹ پاتھ کشادہ کرنا اور مقامی رہائشیوں کی زندگی کو بہتر بنانا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس منصوبے کے تحت 2017 کے دہشت گرد حملوں (17-A) کے بعد سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر بند کی گئی بعض سڑکوں کو محدود پیمانے پر دوبارہ ٹریفک کے لیے کھولنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ساگرادا فامیلیا کی مرکزی ٹاور آف جیزس تکمیل کے قریب ہے اور معمار انتونی گاؤدی کی وفات کے سو سال مکمل ہونے کا وقت بھی قریب آ رہا ہے۔ ایسے میں یہ عبادت گاہ نہ صرف بلندی کی جانب بڑھ رہی ہے بلکہ اس کے اردگرد جگہ کا دباؤ بھی بڑھتا جا رہا ہے۔ بلدیہ کے مطابق ہر سال 18 سے 22 ملین سیاح اس علاقے میں آتے ہیں، جن میں سے بڑی تعداد اندر داخل ہوئے بغیر ہی آس پاس گھومتی رہتی ہے۔
میئر جاؤمی کولبونی کی قیادت میں سٹی کونسل نے اس منصوبے کے ڈیزائن کے لیے ٹینڈر جاری کیا ہے، جس میں ایونیدا گاؤدی اور مرینا، پرووینسا، لیپانت، ساردینیا اور سیسیلیا کی سڑکوں کے حصے شامل ہیں۔ منصوبے کا بنیادی ہدف فٹ پاتھ وسیع کرنا اور ٹریفک کی رفتار کم کرنا ہے تاکہ رہائشی زندگی اور سیاحتی دباؤ میں توازن پیدا کیا جا سکے۔
منصوبے کے مطابق پرووینسا اسٹریٹ (مرینا سے ساردینیا تک) اور مرینا اسٹریٹ (ویلینسیا سے مالورکا تک) پر گاڑیوں کی محدود آمد و رفت بحال کی جا سکتی ہے۔ تاہم یہ سڑکیں پرانی شہری شاہراہ کی شکل میں واپس نہیں آئیں گی۔ صرف ایک 3.5 میٹر چوڑی لین، ایک سائیکل لین ہوگی، جبکہ سگنلز کی جگہ اونچے پیدل راستے اور جزیرے نما رکاوٹیں ہوں گی تاکہ گاڑیوں کی رفتار خود بخود کم رہے۔
اس کے برعکس، فسادا دل ناسیمنت کے سامنے مرینا اسٹریٹ کا حصہ مستقل طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا جائے گا۔ اس مرحلے کے تحت جاری کام مئی تک مکمل ہونے کی توقع ہے، جس کے بعد یہ حصہ پلازا دی گاؤدی کے ساتھ ایک مکمل پیدل زون کی شکل اختیار کر لے گا، جہاں سیکیورٹی انتظامات کو شہری فرنیچر میں ضم کیا جائے گا۔
تاہم منصوبے میں سب سے بڑا اور حساس سوال مالورکا اسٹریٹ کا ہے۔ مستقبل کی فسادا دے لا گلوریا کے سامنے اس سڑک کی حتمی شکل ابھی طے نہیں ہو سکی، کیونکہ یہاں ایک عظیم الشان سیڑھی بنانے کا منصوبہ زیرِ غور ہے، جس کے لیے ایئشامپل کے دو بلاکس تک کی عمارتیں گرانا پڑ سکتی ہیں اور درجنوں خاندان متاثر ہوں گے۔
ایئشامپل کے کونسلر جوردی والس نے تسلیم کیا ہے کہ بلدیہ اور ساگرادا فامیلیا کی انتظامیہ کے درمیان بات چیت جاری ہے، لیکن سب فریقوں کو راضی کرنا ممکن نہیں۔ ان کے بقول، “اگر ہم مکمل اتفاقِ رائے کی توقع کریں تو جواب نفی میں ہے۔” انہوں نے کہا کہ بلدیہ متاثرہ خاندانوں کے لیے نقصانات کم سے کم کرنے کی کوشش کرے گی، مگر کسی حل تک پہنچنا ناگزیر ہے۔
جورڈی والس کے مطابق، “پچھلے پچاس برسوں میں ساگرادا فامیلیا اوپر کی جانب بڑھتی رہی، اس میں کوئی جلدی نہیں تھی۔ اب یہ ایک طرف پھیل رہی ہے، اور یہ آئندہ 50 برسوں کا نہیں بلکہ اگلے 12 برسوں کا براہِ راست مسئلہ ہے۔”
جب تک ممکنہ انہدامات کا فیصلہ نہیں ہوتا، بارسلونا شہر اس تاریخی عبادت گاہ کے اطراف کے حالات کو سنوارنے کی کوشش کر رہا ہے، تاکہ گاؤدی کا یہ شاہکار مکمل ہونے پر اس کا محلہ اپنی ہی شہرت کے بوجھ تلے نہ دب جائے۔