اٹلی میں پاکستانی نابالغ کا بہیمانہ قتل، مرکزی ملزم کے لیے 20 سال قید کی استدعا
اٹلی(آفتاب احمد)اٹلی کے شہر مودینا کے مرکزی پارک نووی ساد میں 31 مارچ 2023 کو 16 سالہ پاکستانی نوجوان محمد ارہم کو چاقو کے کم از کم 15 وار کر کے قتل کر دیا گیا۔ حملے میں اس کے دو دوست بھی شدید زخمی ہوئے، جو بعد میں بچ گئے اور مقدمے کے اہم گواہ ہیں۔
تقریباً تین سال بعد، مودینا کی عدالتِ سنگین جرائم میں سرکاری وکیل نے مرکزی بالغ ملزم کے خلاف 20 سال قید کی سزا کی استدعا کی ہے۔ دو نابالغ شریکِ جرم پہلے ہی عدالتِ نابالغین سے 14 سال سے زائد قید کی سزائیں پا چکے ہیں۔
استغاثہ کے مطابق مقتول اٹلی میں بغیر والدین کے مقیم نابالغ مہاجر تھا اور ملزمان سے پرانی دشمنی چلی آ رہی تھی، جو مبینہ موبائل فون چھیننے کے واقعے کے بعد خونی انجام تک پہنچی۔ واردات کی ویڈیوز عدالت میں پیش کی جا چکی ہیں۔
مرکزی بالغ ملزم تاحال مفرور ہے اور اس کے خلاف بین الاقوامی تلاش جاری ہے، تاہم اطالوی قانون کے تحت اس کے خلاف غیر موجودگی میں کارروائی جاری رکھی گئی ہے۔ مقتول کو اٹلی ہی میں دفن کیا گیا جبکہ اس کے والدین آج بھی انصاف کے منتظر ہیں۔