اٹلی: 37 سالہ پاکستانی تارکِ وطن کیمپ میں پراسرار طور پر ہلاک
اسرنیا/اٹلی( میاں آفتاب احمد)اٹلی کے شہر اسرنیا (Isernia) میں ایک ہوٹل نما رہائشی کیمپ میں مقیم 37 سالہ پاکستانی تارکِ وطن مردہ حالت میں پایا گیا، جس سے مقامی پاکستانی برادری میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی۔
اطالوی میڈیا کے مطابق یہ پاکستانی شہری ایک سرکاری رہائشی کیمپ میں بطور مہاجر مقیم تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی کارابینیری (اطالوی پولیس) اور ایمرجنسی سروس 118 کی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔
ابتدائی طبی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ موت کی وجہ قدرتی اسباب ہو سکتے ہیں، جن میں ممکنہ طور پر دل کا دورہ (Cardiac Arrest) شامل ہے، تاہم حتمی وجہ جاننے کے لیے مزید تحقیقات جاری ہیں۔
پولیس نے کیمپ میں مقیم دیگر مہاجرین کے بیانات قلم بند کرنا شروع کر دیے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ متوفی کی موت کن حالات میں ہوئی۔ حکام کے مطابق تمام پہلوؤں سے واقعے کی چھان بین کی جا رہی ہے اور کسی بھی امکان کو فی الحال خارج از امکان قرار نہیں دیا جا رہا۔
تاحال متوفی کی شناخت اور اس کے اہلِ خانہ سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ امکان ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد موت کی اصل وجہ سامنے آ سکے گی